کراچی سرکلر ریلوے سی پیک کے تحت مکمل کیا جائے گا جس کی منظوری دیدی گئی، احسن اقبال

December 12, 2017

اسلام آباد ( کامرس رپورٹر )سی پیک پارلیمانی کمیٹی کے اجلا س میں بتایا گیاکہ سی پیک کا اگلا طویل مدتی مرحلہ ملک سےغربت کے خاتمے،زراعت کی ترقی،سیاحت،ثقافت،تعلیم اور لوگوں کےمعیار زندگی میں بہتری پرمشتمل ہو گا،کراچی سرکلر ریلوے سی پیک کے تحت مکمل کیاجائیگا جس کی منطوری دے دی گئ ہے،اسی طرح کے منصوبے کوئٹہ اور پشاور میں بھی مکمل کیے جائیں گے ،ان منصوبوں کی تکنیکی فیزیبلٹی رپورٹس کے بعد دوبارہ جائزہ لیاجائیگا،سی پیک پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینٹر مشاہدحسین سید کی زیرصدارت پیر کو ہوا،اجلاس کے شرکاء کو وفاقی وزیر منصوبہ بندی،ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے سی پیک کے طویل مدتی پلان پربریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سی پیک کی جے سی سی کمیٹی نے طویل مدتی پلان کی منظوری دے دی ہے اس پلان پر دونوں طرف سے ڈیڑھ سال تک مشاورت ہوتی رہی اور صوبوں کے ساتھ بھی پلان کو شیئرکیاگیا،انہوں نے کہا کہ سی پیک کے ذریعے مقامی لوگوں کی خوشحالی کو یقینی بنایاجائیگا، زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے چین سے جدید ٹیکنالوجی لائی جائیگی،مکران کے ساحلی علاقوں کو ترقی دے کر سیاحت کوفروغ دیا جائیگا، تعلیم اور ثقافت کے فریم ورک کے تناظر میں پاکستان اور چین کے مابین وفود کے تبادلے کیے جائیں گے،انہوں نے کمیٹی کو بتایا کہ آئندہ برس جنوری میں پاکستانی برآمدکنندگان کاوفد چین جائے گا اور پاکستانی برآمدات میں اضافے کے مواقع تلاش کرے گا،مارچ 2018میں گوادرائر پورٹ کا سنگ بنیاد رکھاجائے گا،وفاقی وزیرنے کمیٹی کوبتایاکہ میڈیامیں آنے والی ان خبروں میں صداقت نہیں کہ تین انفراسٹرکچر منصوبوں کی منظوری نہیں دی گئی انہوں نےکہا کہ چین ان منصوبوں کے مالیاتی میکنزم کا دوبارہ جائزہ لے رہاہے اور چین کی جانب سے منظوری کے فوراً بعد کام شروع کردیا جائیگا، کراچی سرکلر ریلوے سی پیک کے تحت مکمل کیاجائیگا جس کی منطوری دے دی گئ ہے،اسی طرح کے منصوبے کوئٹہ اور پشاور میں بھی مکمل کیے جائیں گے ،ان منصوبوں کی تکنیکی فیزیبلٹی رپورٹس کے بعد دوبارہ جائزہ لیاجائیگا،پارلیمانی کمیٹی کو وزارت پانی وبجلی نے سی پیک کے پہلے مرحلے کے منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا،تھرکول منصوبہ جون 2019میں فعال ہو جائیگا، پورٹ قاسم پاور پراجیکٹ فروری 2018میں مکمل ہوگااور 1320میگاواٹ کاحبکو پاور پراجیکٹ، 870میگاواٹ کا سکی کناری ہائیڈرو پروجیکٹ اور 720میگاواٹ کا کروٹ پاور پروجیکٹ بھی جلد مکمل ہو ں گے،کمیٹی نے پہلے مرحلے کے منصوبوں پر پیش رفت اورگوادر بندرگاہ کی ترقی پر اطمینان کااظہارکیا۔