نمبر ون فورس کیلئے سڑک پر ڈسپلن برقرار رکھنا ہو گا‘ سلطان اعظم تیموری

December 12, 2017

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری نے چارج سنبھالنے کے بعد اسلام آباد ٹریفک پولیس آفس کا پہلا دورہ کیا۔ اس موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے اُنہیں سلامی دی۔ انسپکٹر جنرل نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس ملک بھر میں ایک ماڈل فورس کی حیثیت سے جانی جاتی ہے۔ ٹریفک افسران دوران ڈیوٹی شہریوں کے ساتھ مزید مہذب طریقے سے پیش آئیں اور قانون کے برابر اطلاق کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کے ساتھ میری بہت زیادہ لگن اور محبت ہے کیونکہ میں نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کی دو دفعہ کمانڈ کی۔ ہمارا ہمیشہ سے یہی وژن تھا کہ ہم نے ایک مثالی پولیس بننا ہے‘ ایسی مثالی پولیس کہ جس کی ناصرف پورے پاکستان بلکہ انٹرنیشنل لیول پر مثال دی جا سکے اور وہ لوگ یہاں آ کر ہمیں فالو کریں اور ہم سے سیکھیں۔ ابھی بھی پنجاب سے لوگ آکر آئی ٹی پی سے سیکھ رہے ہیں اور یہی ہمارا خواب تھا اور یہ ہمارا وژن شروع سے لے کر ابھی تک جاری و ساری ہے۔ پورے پاکستان میں نمبر ون پولیس فورس بننے کیلئے ہمارا مشن تھا کہ ہم نے روڈ کے اوپر ڈسپلن کو برقرار رکھنا ہے اور روڈ ایکسیڈنٹس نہیں ہونے دینے۔ اب ہم نے زیرو وژن کے اوپر کام کرنا ہے جس کا مطلب ہے کہ ایکسیڈنٹس ہونے ہی نہیں چاہئیں اور یہ سب انسانی سوچ کی وجہ سے ممکن ہو سکتا ہے اور اس سوچ کو صرف پولیس ہی تبدیل کر سکتی ہے۔ اس کیلئے ہمیں صحیح طرح سے ایجوکیشن اور انفورسمنٹ کرنا ہو گی۔ ہم نے اس مشن کے ذریعے لوگوں کی خدمت کرنی ہے۔ ہمارے پانچ بنیادی اقدار ہیں اگر ان پر عمل کر لیں تو اسکے ذریعے کلچر تبدیل ہوتا ہے۔ پانچ بنیادی اقدار میں خدمت سے سرشار ہونا چاہئے، لوگوں کی خدمت کریں اور لوگوں کی دعائیں لیں، دوسرا عوام دوست ہونا چاہئے اس کیلئے آپ کو دوران ڈیوٹی شائستگی لیکن اپنے موقف پر قائم رہتے ہوئے اور شہری کی عزت و نفس کو قائم رکھتے ہوئے انفورسمنٹ کریں۔ تیسرا اپنے شعبہ یا ڈیوٹی میں پروفیشنل ہوں، چوتھا قانون کا برابر اطلاق اور آخری کرپشن فری فورس اور اس کیلئے میرے نزدیک معافی کی کوئی گنجائش نہیں۔ ہمارا ماٹو حلال کمائیں اور اپنے بچوں کو حلال کھلائیں ہونا چاہئے‘ اسکے اندر زیرو ٹالرنس ہو گی کیونکہ اگر میرا ماتحت کوئی کرپشن کرتا ہے تو مجھے بھی اللہ تعالیٰ کو جواب دینا ہے اسلئے سب کے ساتھ انصاف کریں۔ آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ انفورسمنٹ اور ٹریفک ریگولیشن پر مزید توجہ دیں اور کسی پولیس آفیسر کے سامنے کوئی وائلیشن نہیں ہونی چاہئے اور اگر ایسا ہوتا ہے تو وہ اس آفیسر کی بے عزتی ہے۔ آئی جی نے کہا کہ روڈ پر آپ سب نے دوران ڈیوٹی چار چیزوں کو یقینی بنانا ہے جن میں ایجوکیشن، انفورسمنٹ، لوگوں کی مدد اور ٹریفک ریگولیشن‘ دوران ڈیوٹی آفیسر ان چار چیزوں پر عمل کرتے ہوئے نظر آنے چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عنقریب پولیس فورس کی ویلفیئر اور ٹریفک کیلئے مزید پراجیکٹ لائے جائیں گے۔ پولیس آفیسر یا جوان اپنے ذاتی و نجی مسائل کیلئے کبھی بھی مجھے سے مل سکتے ہیں، میرے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ اس کیلئے ایک ایس ایم ایس سسٹم بھی شروع کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے جب بھی کوئی آفیسر ایس ایم ایس کریگا اگلے چوبیس گھنٹوں کے اندر اندر اس کو رسپانس دیا جائیگا۔ آئی جی ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری نے اپنے خطاب میں ہدایت کی کہ سب افسران نیک نیتی‘ ایمانداری اور لوگوں کی خدمت کے جذبے سے کام کریں اور اسلام آباد پولیس کو پہلے سے بہتر اور پوری دنیا کیلئے مزید مثالی فورس کا درجہ دلوائیں۔ آئی جی نے ٹریفک آفس کے مختلف سیکشنز کا بھی دورہ کیا۔