جرمن فوجی نیٹو کے انسداد دہشت گردی مشن میں شامل رہیں گے

December 12, 2017

جرمن افواج بحیرہ روم میں نیٹو کے انسداد دہشت گردی مشن میں خدمات انجام دیتی رہیں گی۔علاوہ ازیں نیٹوسیکریٹری جنرل اسٹولن برگ کی عہدے کی مدت میں 2020تک توسیع کردی گئی۔

جرمن پارلیمانی ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی طور پر یہ توسیع تین ماہ کے لیے ہے تاہم اس بارے میں طویل المدتی فیصلہ نئی حکومت کرے گی۔ مغربی دفاعی اتحاد کے اس مشن میں جرمن فوج کے 175 اہلکار شامل ہیں۔

اسی طرح افغانستان اور مالی میں موجود جرمن فوجیوں کی تعیناتی میں بھی تین تین ماہ کی توسیع کی گئی ہے۔ شام اور عراق میں داعش کے خلاف جاری کارروائیوں میں بھی جرمن فوج تربیت اور نگرانی کا کام جاری رکھے گی۔

دریں اثنا نیٹوسیکریٹری جنرل اسٹولن برگ کی عہدے کی مدت میں 2020تک توسیع کردی گئی۔نیٹو سے جاری بیان کےمطابق نیٹو کے 29 اراکین نے اسٹولن برگ پر مکمل اعتماد کا اظہارکیا۔اسٹولن برگ کا کہنا تھا کہ 2020 تک دوبارہ سیکریٹری جنرل کے عہدے پر توسیع انکے لئے اعزاز ہے۔