آئی سی سی میٹنگ میں بھارتی بورڈ کو ووٹ نہیں دیا، پی سی بی، بگ تھری بنانے کی حمایت سے بھی انکار

December 13, 2017

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) سنگاپور میں ہونے والی آئی سی سی کی میٹنگ میں بھارت کی جانب سے بگ ون کی تشکیل کے بارے میں قیاس آرائیاں ہیں لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ آئی سی سی میٹنگ میں نہ بگ تھری تشکیل پایا ہے اور نہ ہی پاکستان نے اس پر دستخط کئے ہیں۔ سنگاپور میٹنگ میں جو بھی سفارشات سامنے آئی ہیں اس پر مزید غور آئی سی سی کی چیف ایگزیکٹیو کمیٹی میں کیا جائے گا اور سفارشات کی حتمی منظوری جنوری میں آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں دی جائے گی۔ سنگاپور میٹنگ میں پاکستان کی نمائندگی چیف ایگزیکٹیو سبحان احمد اور جنرل منیجر انٹر نیشنل کرکٹ عثمان واہلہ نے کی تھی۔ پی سی بی کے ایک اعلی افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ نئے فیو چر پروگرام کے لئے پاکستان نے بھارت کے ساتھ سیریز بھی رکھی ہیں تاہم پاکستان نے موقف اختیار کیا ہے کہ اگر آئی سی سی کی تنازعات کمیٹی میں پاکستان کیس جیت گیا تو پاکستان اپنے ایف ٹی پی کو نئے سرے سے بنائے گا۔ نیا فیوچر ٹور پروگرام 2019 کے ورلڈ کپ کے بعد سے شروع ہوکر2023 میں ختم ہوگا۔ اسی دوران 9 ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیمیں آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں حصہ لیں گی۔ جبکہ ون ڈے لیگ 13 ٹیموں پر مشتمل ہوگی۔ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں دو سال میں ہر ٹیم کو دوسری ٹیم کے خلاف دو ہوم اور دو اوے سیریز کھیلنا ہوگی۔ مارچ میں نئے ایف ٹی پی کے ڈھانچے کے لئے پہلی میٹنگ ہوئی تھی اس وقت سے پاکستان کا موقف یہی تھا کہ بھارت کے خلاف کیس کا فیصلہ ہونے کے بعد پاکستان ہر ٹیم کے خلاف اپنی سیریز ری شیڈول کرے گا۔ اس وقت تک بھارت کی سیریز کو ایف ٹی پی کا حصہ بنایا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے ایف ٹی پی کے مطابق پاکستان کی زیادہ ٹیسٹ سیریز متحدہ عرب امارات میں ہوں گی۔ جبکہ ون ڈے اور ٹی 20 سیریز پاکستان میں ہوسکتی ہیں۔ نیا فیوچر ٹور پروگرام چار سال کے لئے ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ بگ ون کے سلسلے میں پاکستان نے نہ بھارت کو اپنی حمایت کا یقین دلایا ہے اور نہ ہی بھارت کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ اس بارے میں قیاس آرائیوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو امید ہے کہ آئی سی سی تنازعات کمیٹی میں اس کا کیس دس ماہ میں مکمل ہوجائے گا۔ اگر پاکستان کیس جیت گیا تو پھر پاکستان اپنے فیوچر ٹور پروگرام کو تبدیل کرے گا۔