فلسطینی امن عمل میں امریکا کا کردار ختم ہوگیا، خواجہ آصف

December 13, 2017

استنبول میں اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی میںوزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ فلسطین امن عمل میں امریکا کا کردار ختم ہوگیا۔

ترکی کے شہر استنبول میں اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کے وزرائے خارجہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس یروشلم کو تسلیم کرنے سے امریکا کی مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے جاری امن عمل میں غیرجانبدار ثالث کی حیثیت ختم ہوگئی۔

وزیر خارجہ کا مزیدکہنا تھا کہ مقبوضہ بیت المقدس کی حیثیت تبدیل کرنے سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوں گے، امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت کے جذبات بھی عالمی برادری کے ساتھ ہیں۔

ہماری پارلیمنٹ نے متفقہ قراردادوں کے ذریعے امریکی اعلان کی مذمت کی ہے،اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا امریکا کا فیصلہ عالمی روایات اور ریاستی طرز عمل کے خلاف ہے۔