نواز شریف قوم کے حقیقی لیڈر ہیں :ملک منظور حسین

December 15, 2017

مسلم لیگ یوتھ کونسل کے صدر ملک منظور حسین کا کہنا ہے کہ نواز شریف قوم کے حقیقی لیڈر ہیں، اگلی حکومت بھی ن لیگ کی ہوگی اور اگلے وزیر اعظم بھی نوازشریف ہوں گے۔

جنگ سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری کو تاحیات نااہل قرار دے کر انصاف کا بھرم قائم رکھا ہے لیکن عوام کی عدالت میں عمران خان بھی نااہل ہوچکے ہیں ، تاہم اگلے عام انتخابات میں پاکستان کے عوام نواز شریف کو ایک بار پھر وزیر اعظم بنوا کر ہونے والی زیادتی کا بدلہ لیں گے۔

ملک منظور حسین نے کہا کہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانی توقع کرتے ہیں کہ اگلے انتخابات میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کوووٹ کاحق حاصل ہوسکے گا اور اگر ایسا نہیں ہوا تو دنیا بھر میں مقیم لاکھوں کی تعداد میں پاکستانی پاکستان پہنچیں گے اور ن لیگ کو کامیاب کرانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی رقم بینکوں کے ذریعے پاکستان بھیجیں تاکہ پاکستان کی معیشت میں بہتری ہوسکے۔

ملک منظور نے ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان اور سینئر نائب صدر ملک یونس کی بھی ن لیگ کے لیے کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح ن لیگ جاپان نے میاں نواز شریف کی حمایت میں کوششیں کی ہیں وہ قابل تعریف ہیں، دنیا بھر میں لیگی کارکنوں کو چاہیے کہ وہ ن لیگ جاپان کی طرز پر پارٹی اور ملک کی خدمت کرنے کے لیےآگے آئیں۔