اسلام آبادمیں اسٹیل کے کارخانے آلودگی کا سبب بن رہے ہیں،مشاہداللہ، قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات

December 16, 2017

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ سیکٹر آئی نائن اور آئی ٹین میں اسٹیل کے کارخانے آلودگی کا سبب بن رہے ہیں، انہوں نے یہ بات قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران تحریری جواب میں بتائی،انہوں نے بتایاکہ ادارہ ماحولیاتی تحفظ نے اسلام آباد میں 185صنعتی یونٹوں کی نشاندہی کی ہے جو آلودگی پھیلا رہے ہیں، اینٹوں کے بھٹے، کوئلہ سے چلنے والے بجلی کے پاور پلانٹ اور گاڑیوں سے خارج ہونیوالا دھواں بھی آلودگی کا سبب بن رہاہے، موسمی تغیر سے متاثر ہونے والے دنیا کے پہلے دس ممالک میں پاکستان کا ساتواں نمبر ہے،وزیر انچارج اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے بتایا کہ 43وزارتوں اور ڈویژنوں میں سے وزارت پارلیمانی امور اور وزارت منصوبہ بندی و ترقیات نے رپورٹ دی ہے کہ گزشتہ دس سالوں کے دوران کسی افسر نے غیر ملکی شہریت حاصل نہیں کی، باقی وزارتوں سے جواب کا انتظار ہے، وزیر مملکت کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ امریکی سفارتخانہ سائٹ پرمنظور کردہ تعمیراتی پلان کے مطابق تعمیر کررہاہے، سائٹ پر کوئی اضافی منزلیں تعمیر نہیں کی گئیں،پلاٹ نمبر ایک شاہراہ دستور (گرینڈحیات ہوٹل) کیلئے عمارتی منصوبے کی منظوری29 مارچ 2008 کودی گئی۔ بلاک/ ٹاور کی تعداد تین ہے۔ عمارت کی زیادہ سے زیادہ اونچائی725 فٹ ہوٹل ٹاور کیلئے مقررہ کی گئی۔ بعد ازاں سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات کی بنا پر ہوٹل ٹاور کی اونچائی 725فٹ سے کم کرکے 330فٹ کردی گئی۔ پٹہ پر دینے کا معاہدہ پی این پی پرائیویٹ لمیٹڈ اور سی ڈی اے کے مابین سی ڈی اے بورڈ کی جانب سے بولی کی منظوری کے بعد کیا گیا، پٹہ پر دینے کی منظوری چیئرمین سی ڈی اے نے دی تھی اورڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ون کی جانب سے اس پر دستخط کئے گئے،وزیر انچارج ہوا بازی ڈویژن نے بتایا کہ نیو اسلام آباد ایئر پورٹ 2018ء میں کام شروع کر دےگا، رین واٹر ہار ویسٹنگ راما ڈیم کی تعمیر16 اپریل2017 کو مکمل کرلی گئی۔ ڈیم کی گنجائش4893 فٹ ہےاسے 33 لاکھ گیلن پانی یومیہ فراہم کرنے پر ڈیزائن کیا گیا ہے، وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت بلیغ الرحمٰن نے بتایا کہ فیڈرل اردو یونیورسٹی میں وائس چانسلر کی مستقل تقرری اسلام آباد کے ہائیکورٹ کے حکم امتناعی کی وجہ سے نہیں کی گئی، ہائیر ایجوکیشن کمیشن سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کے تین کیمپس قائم کررہا ہے، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے بتایا کہ ریلوے کو ہونیوالے نقصان کی وجہ تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ ہے۔