ون ڈے، بولٹ کی بلٹ رفتار گیندوں سے پاکستانی بیٹ چھلنی

January 14, 2018

ڈنیڈن( جنگ نیوز) نیوزی لینڈ نے تیسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو بدترین183رنز کی شکست سے دوچار کردیا، ہفتے کو کھیلے گئے میچ میںٹرینٹ بولٹ کے بلٹ سے تیز رفتار گیندوں نے پاکستانی بیٹسمنوں کے بیٹ چھلنی کرتے ہوئے ان کے نٹ بولٹ کس دئیے،پاکستان کی بیٹنگ بری طرح فلاپ رہی، تجربے کار شعیب ملک، اظہر علی، محمد حفیظ کے بیٹ کو سانپ سونگھ گیا تھا، بیٹسمینوں نے غیرذمہ دارنہ شارٹس کھیلنے کے ریکارڈ توڑ دئیے،بیٹسمینوں کے درمیان پویلین واپسی کا کھیل جاری رہا، میچ ہارے، سیریز بھی گنوائی دی۔نیوزی لینڈ کی تیزوکٹوں پر قومی بیٹنگ لائن کا پول کھل گیا، بولرز بھی زیادہ متاثر نہ کرسکے۔میزبان ٹیم کے تیز بولر ٹرینٹ بولٹ نے سترہ رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کی۔ انہوں نے پاکستانی اننگز کے آغاز پر پانچ گیندوں پر تین کھلاڑیوں (اظہر علی، فخر زمان اور محمد حفیظ) کو آؤٹ کیا،پاکستان کے پہلے آٹھ کھلاڑی صرف 32 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئے تھے اور امکان پیدا ہو گیا تھا کہ پاکستانی ٹیم کے نام کم ترین اسکور کا ایک اور ورلڈ ریکاڈ آسکتا ہے لیکن کپتان سرفرار احمد (14ناٹ آؤٹ)، محمد عامر (14) اور رومان رئیس (16)کی بیٹنگ سے پاکستان اس ہزیمت سے بچ گیا۔ دونوں نے 42رنز کی شراکت دی۔رومان رئیس 16رنز سب سے زیادہ اسکور کرنے والے بٹسمین رہے۔ تیسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین رومان رئیس نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ بھی کیا، تیسرے ون ڈے میچ میں ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی نیوزی لینڈ کے خلاف بیٹنگ ایک بار پھرفیل ہوگئی اور پوری ہی ٹیم 74 رنزپر ڈھیر ہوگئی۔اننگز کے آغازسے ہی پاکستان ٹیم مشکلات کا شکاررہی، اوپنراظہرعلی اور محمد حفیظ کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے، فخر زمان 2 رنز بنا سکے اورآؤٹ ہوگئے، بعدازاں بابر اعظم 8، شعیب ملک 3، شاداب خان صفر، فہیم اشرف 10، حسن علی ایک، محمد عامر 10 رنز اوررومان رئیس 16 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔