برسٹل کیس، بین اسٹوکس کیخلاف چارج شیٹ تیار

January 16, 2018

انگلش آل رائونڈر بین اسٹوکس کی باعزت کرکٹ مقابلوں کی امیدوں کو جھٹکا لگ گیا ، کلب جھگڑے کی پاداش میں ان پر عوامی مقام پر مارنے اور دنگے کے الزام میں ان کے خلاف باقاعدہ چارج شیٹ تیار کرکے مقدمہ چلانے کا اعلان ہوگیا ہے، جس پر بین اسٹوکس 2 سال کے لئے جیل جاسکتے ہیں۔

انگلینڈ کے آل رائونڈر بین اسٹوکس گزشتہ سال 25 ستمبر کو برسٹل میں رات کے وقت شراب کے نشے میں ایک شخص سے جھگڑا کر بیٹھے تھے اور لڑائی کے دوران انہوں نے باکسرز کی طرح مکے برسائے ،کرکٹر اس رات گرفتار بھی ہوئے تھے، جن کو بعدازاں ضمانت پر رہائی ملی تھی۔

لیکن چند گھنٹوں بعد ان کی سامنے آنے والی ویڈیو نے تہلکہ مچادیا ، جس پر ای اسی بی نے نہ صرف ان کو معطل کیا بلکہ ایشز اسکواڈ سے بھی ڈراپ کردیا ۔

بعد ازاں وہ نیوزی لینڈ میں کلب کرکٹ کھیل کر اپنی فارم بحال کرتے دکھائی دیئے اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے ان کو آنے والی محدود اوورز کی سیریز کے لئے ٹیم میں شامل بھی کر دیا تھا لیکن وہ خود ٹیم سے دستبردار ہوگئے تھے۔

اب صورتحال یہ ہے کہ گزشتہ روز انگلینڈ میں کرائون پراسیکیوشن سروس نے بین اسٹوکس سمیت 3 افراد کو چارج کرتے ہوئے ان کے خلاف ٹرائل شروع کرنے کا اعلان کردیا ہےجبکہ برسٹل مجسٹریٹ کورٹ میں ان کے خلاف کیس شروع ہونے کی تاریخ کا اعلان جلد ہی کردیا جائے گا۔

دریں اثنا بین اسٹوکس نے رد عمل میں کہا ہے کہ وہ تمام سپورٹر کا شکر گزار ہیں اور پہلے دن ہی تمام تفصیلات پولیس کو دے چکا ہوں اور آگے بھی بھرپور تعاون کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ اپنا نام ٹرائل کے دوران عزت سے کلیئر کروالوں گااور ابھی میرا کرکٹ پر فوکس ہے۔