شدید ٹھنڈ میں اسکول پہنچنے والے 'آئس بوائے کے چرچے

January 16, 2018

چین کے 8 سالہ طالبعلم کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس کے بعد اس بچے کو 'آئس بوائے کا نام دیا جارہا ہے۔

چین کے صوبہ یننان کے دور دراز علاقے زنچی میں کمسن طالب علم منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ میں تقریباً 3 میل کا فاصلہ طے کر کے امتحان دینے اسکول پہنچا تو اس کے سر پر بالوں کے بجائے برف تھی۔

پہلا پیپر ہونے کی وجہ سے وہ پہاڑی اور گھاٹیاں عبور کرتے بھاگتا ہوا مقررہ وقت پر اسکول پہنچا تو سردی کی شدت کی وجہ سے اس کے گال لال ہوچکے تھے اور سر اور بھنوؤں پر بالوں کے بجائے برف نمایاں تھی۔

بچے کی حالت دیکھ کر استاد سے بھی رہا نہ گیا اور اس موقع پر اس کی ایک تصویر لی گئی لیکن کسی کو معلوم نہ تھا کہ یہ تصویر اتنی مقبول ہوگی۔

زنشنباؤ پرائمری اسکول کے ہیڈ ماسٹر کا کہنا ہے کہ کمسن طالبعلم غربت میں زندگی بسر کر رہا ہے لیکن حصول علم سے سرشار ہے۔