متحدہ اپوزیشن جلسے کیلئےسیکیورٹی فول پروف ہے، ڈی آئی جی آپریشنز

January 17, 2018

ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا ہے کہ متحدہ اپوزیشن کے جلسے کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، جلسے میں شرکت کے لیے آنے والوں کی3 مقامات پر چیکنگ ہوگی، امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

لاہور میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کے جلسے کی سیکیورٹی پر 6ہزار سے زائد اہلکار فرائض انجام دیں گے، 11ایس پیز، 24 ڈی ایس پیز، 80ایس ایچ اوز اور 60انچارج انویسٹی گیشن بھی مامور ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ شرکاء کے لیے ناصر باغ، نیلا گنبد، باغِ جناح اور پنجاب اسمبلی کے عقب میں پارکنگ بنائی گئی ہے، جبکہ 4 مقامات شرکت کیلئے مقرر کیے گئے ہیں۔

ڈاکٹر حیدر اشرف نےکہا کہ ٹریفک کی روانی کےلیے بھی موثر حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے، شہریوں کو چاہئے کہ وہ ٹریفک وارڈنز کی ہدایات پر عمل کریں۔