پارلیمنٹ پر لعنت استعفوں پر غور ،سلطنت شریفیہ کا خاتمہ چاہتے ہیں،طاہرالقادری

January 18, 2018

لاہور(ایجنسیاں)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی پیش گوئی اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کے دعوے دونوں ہوا ہو گئے ‘طاہرالقادری لاہورجلسے میں عمران خان اور آصف زداری کو اکٹھابٹھانے میں ناکام‘آصف زردار ی عمران خان کی آمد سے قبل ہی جلسہ گاہ سے نکل گئے ۔دریں اثناءعمران خان نے کہاہے کہ وہ ایسی پارلیمنٹ پر لعنت بھیجتے ہیں جو ایک مجرم کو پارٹی سربراہ بنادے ‘شیخ رشید کی استعفوں کی تجویززیرغورہے‘پارٹی سے مشاورت کروں گا ‘ممکن ہے اس معاملے پر جلد شیخ رشید کو جوائن کرلیں ‘اب ہمیں پیچھے نہیں ہٹناچاہئے ‘ ہمیں سڑکوں پر آنے کی پریکٹس ہوگئی ہےجبکہ آصف زرداری نے کہاکہ پاکستان کو کسی اور سے نہیں جاتی امراء کے شیخ مجیب الرحمن سے خطرہ ہے ‘ ضیاءکا ناسور پاکستان کیلئے بڑی مشکل ہے‘جب چاہوں حکومت کوگھربھیج سکتا ہوں ‘ن لیگ گریٹرپنجاب کامنصوبہ بنارہی ہے‘ طاہرا لقا دری کا کہنا تھاکہ ہم عدلیہ کو آزاد رکھنے اورملک کو درندوں سے بچانے کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں‘ ہم آئین یا جمہوریت نہیں بلکہ سلطنت شریفیہ کا خاتمہ چاہتے ہیں ‘ قوم اٹھے اور ظالموں کو پکڑے ‘عہد حاضر کے شیخ مجیب سے نجات کیلئے قوم جمع ہو جائے‘دنیاکی کوئی طاقت حکمرانوں کو بچا نہیں سکتی ‘ان کا عبرتناک انجام پوری دنیا دیکھے گی‘آئندہ دودن میں اے پی سی بلاکر آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کریں گے‘ چوہدری پرویزالٰہی کہتے ہیں نواز شریف اللہ کی پکڑ میں ہیں‘استعفے کی مہلت ختم ہوگئی ‘اب انہیں محفوظ راستہ نہیں دیاجائے گا‘ لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کو اپنے بھرپور اتحاد کے ذریعے ہی 35سال سے قوم کی گردن پر مسلط مافیا سے نجات ملے گی ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کومال روڈلاہور پر اپوزیشن جماعتوں کے احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینزکے سربراہ اورسابق صدر آصف علی زردا ر ی نے کہا ہے کہ پاکستان کو کسی اور سے نہیں جاتی امراءکے دونوں شیخ مجیب الرحمن سے خطرہ ہے ‘سب جانتے ہیں میں جب چاہوں حکومت کو نکال سکتاہوں‘میں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا ن لیگ والے گریٹر پنجاب کامنصوبہ بنارہے ہیں‘ آج نواز شریف کہہ رہے ہیں ان کو شیخ مجیب الرحمن بنایاجارہا ہے‘‘ابھی تو (ن) لیگ والوں کے ساتھ کچھ ہواہی نہیں ہے‘ظلم تو ہمارے اور ڈاکٹر قادری کے ساتھ ہوا مگر ہم نے کبھی پاکستان توڑنے کی بات نہیں کی‘بلوچستان حکومت کی تبدیلی میں کوئی غیرقانونی کام نہیں کیا‘ بطور سیاسی سائنسدان ان کو ’’دعا‘‘دی ‘ضیاءالحق کا ایک ’’ناسور‘‘ پاکستان کیلئے بہت بڑی مشکل ہے ‘ان کا واسطہ ملک وقوم کے ساتھ نہیں بلکہ صرف جاتی امراء سے ہے کیوں وہ جہاں بھی جائیں گے نیاجاتی امراء بنا لیںگے ۔اپنے خطاب میں ڈاکٹرطاہرالقادری کا کہنا تھا کہ میں کوئی فیصلہ اکیلا نہیں کروں گا‘ آئندہ دو روز میں آل پارٹیز کانفرنس میں مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ‘اگلے ہفتے یا جنوری کے آخر کی تاریخ دیں گے‘ شریف برادران مجیب کو اپنا نظریاتی قائد اورمودی کویار مانتے ہیں ‘سانحہ ماڈل ٹائون پر حصول انصاف کی جنگ اب پوری قوم کا مشترکہ کاز بن چکا ہے‘اگر مال روڈ کے احتجاجی جلسے میں شریک جماعتوں کے کارکن جاتی امراء کی جانب منہ کر کے تھوک ہی دیں توان کے محلات اس میں بہہ جائیں گے ،اب دنیا کی کوئی طاقت حکمرانوں کو نہیں بچا سکے گی او رانہیں جانا ہوگا ‘حکمرانوں کا عبرتناک انجام ساری دنیا دیکھے گی ‘اگرکارکنوں کو کہہ دوں تو تمہارے بدن کے کپڑے نوچ ڈالیں گے بوٹی بوٹی کردیں گے ، تم جاتی امراء کے باہر قدم نہ رکھ سکو‘ ہم نہ بزدل ہیں نہ کمزور ہیں ہاتھوں سے انتقام لے سکتے ہیں‘ انہوں نے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر کہو تو تاریخ دیدوں، اگلی اتوار کو رائے ونڈ کی اینٹ سے اینٹ بجا دو گے ، ابھی چلو گئے جس پر شرکاء نے پرجوش انداز میں نعرے لگائے ۔ان کا مزیدکہناتھاکہ ہم عدلیہ کو آزاد رکھنے اور ملک کو درندوں سے بچانے کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں‘ قوم اٹھے اور پہچانے کہ دشمن کون ہے‘ ہم اس ملک کے امن کو نہیں توڑنا چاہتے‘ اگر ایسا کرنا ہوتا تو نواز شریف اور شہباز شریف کو جاتی امرا سے باہر ایک قدم رکھنے کی جرات نہ ہوتی‘ہمارا شیوہ توڑ پھوڑ ہے نہ جلا ؤگھیراؤ‘سلطنت شریفیہ کے جرائم کے خلاف آج جمع ہیں‘انہوں نے کہاکہ پوری دنیا میں ایک سیاسی جماعت ایسی نہیں جس کا نام کسی شخص کے نام پر ہو، کیا پا کستا ن سلطنت شریفیہ کے لٹیروں کیلئے بناتھا؟۔ن لیگ سلطنت شریفیہ کا سیا سی لشکر ہے۔ زرداری اور عمران خان کو ساتھ لے کر چل رہا ہوں‘قوم اٹھے اور ظالموں کو پکڑے‘عہد حاضر کے شیخ مجیب سے نجات کیلئے قوم جمع ہو جائے‘سلطنت شریفیہ کے جرائم قبول نہیں کرینگے۔پولیس نے جاتی امرا کو تحفظ دیا ، قوم کی بچیوں کو تحفظ کیوں نہیں دیا‘ظلم کے خلاف کھڑے نہ ہوئے تو تاریخ معاف نہیں کرے گی۔ سسلین مافیا اپنی حکومت نہیں بناسکاتھا‘ یہ سسلین مافیا اور گاڈ فادر سے آگے نکل گئے ہیں۔دوسرے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصا ف کے چیئرمین عمران خان نے پارلیمنٹ سے استعفے دینے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسی پارلیمنٹ پر لعنت بھیجتاہوں جو مجرم کوپارٹی سربراہ بنائے‘شیخ رشید کی استعفوں کی تجویز پر واپس جا کر پارٹی سے مشاورت کروں گا، ہوسکتا ہے اسمبلیوں سے استعفوں کے معاملے پر شیخ رشید سے آملیں۔عمران خان کا کہناتھاکہ آج یہاں احتجاج کر کے چلے گئے تو سانحہ ماڈل ٹان کا انصاف نہیں ملے گا، جلسے کے بعد طاہرالقادری سے ملاقات کروں گا اور انہیں بتائوں گا کہ احتجاج کو کیسے آگے لے کر جانا چاہیے، کیونکہ اب ہماری بہت پریکٹس ہوگئی ہے۔