عبدالقدوس کو بلوچستان اسمبلی کا ڈپٹی اسپیکر منتخب کرانے والے تنقید کررہے ہیں،ق لیگ

January 18, 2018

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ق) حیدرآباد ڈویژن کے صدر ناصر بلوچ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ احسن اقبال کو میر عبدالقدوس بزنجو کے منتخب ہونے پر بہت تکلیف ہے اور انہیں صوبہ کے سب سے کم ووٹ لینے کا طعنہ دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کی حکومت نے اس وقت یہ بات کیوں نہیں سوچی جب خود انہوں نے عبدالقدوس بزنجو کو بلوچستان اسمبلی کا ڈپٹی اسپیکر منتخب کرایا تھا اور اپنی حکومت قائم کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت کا انصاف ہے کہ 2007 کے الیکشن میں (ق) لیگ بلوچستان میں سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری تھی اور اس نے صوبے میں 24 نشستیں حاصل کی تھیں مگر (ن) لیگ اور نواز شریف نے پیپلز پارٹی کے ساتھ سازش کرکے اس وقت اکثریت کی پارٹی کی حکومت قائم نہیں ہونے دی اور ایک نااہل شخص نواب اسلم رئیسانی کی اقلیت حکومت قائم کرادی۔