جونیئر اسنوکر،دفاعی چیمپئن نسیم اختر کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

January 18, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر) رئیس علی اسامہ نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد احسن رمضان کو انڈر 21 جونیئر اسنوکر چیمپئن شپ کوارٹر فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ دونوں کے درمیان مقابلہ بیسٹ آف سیون فریم کے فیصلہ کن فریم کی بلیک بال پر ہوا۔ محمد شہباز نے بھی ساڑھے تین گھنٹے کی مزاحمت کے بعد عمر فاروق کو زیر کیا۔ دفاعی چیمپئن نسیم اختر سمیت آٹھ کھلاڑی کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ کوارٹر فائنل اور سیمی فائنل جمعرات کو کھیلے جائیں گے۔ بدھ کو کھیلے گئے پری کوارٹر فائنلز میں دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ پنجاب کے رئیس علی اسامہ اور پنجاب ہی کے احسن رمضان کے درمیان کھیلا گیا جس کا فیصلہ بیسٹ آف سیون فریم کے فیصلہ کن فریم کی بلیک بال پر ہوا۔ دیگر مقابلوں میں پنجاب کے شیخ محمد مدثر نے بلوچستان کے عبدالعزیز کو4-2، پنجاب کے عثمان احمد نے بلوچستان کے رابش پرویز کو4-2، پنجاب کے محمد شہباز نے پنجاب کے عمر فاروق کو4-3، دفاعی چیمپئن پنجاب کے محمد نسیم اختر نے اسلام آباد کے فہد غفار کو 4-1، سندھ کے علی زمان خان نے خیبر پختونخواہ کے عثمان خورشید کو4-0، پنجاب کے محمد عمر خان نے پنجاب کے شاہ زیب ملک کو4-1جبکہ پنجاب کے حارث طاہر نے کے پی کے حمزہ آفتاب کو4-0سے شکست دی۔