نیب کو اسحاق ڈارکے اعتراضات پر جواب کے لئے آخری مہلت

January 18, 2018

احتساب عدالت نے نیب کو اسحاق ڈار کی جانب سے دائر اعتراضات کا جواب داخل کرانے کے لئے آخری مہلت دیتے ہوئے اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت 22 جنوری تک ملتوی کردی جبکہ منجمد ہجویری اکاؤنٹس بحال کرنے کی درخواست پر سماعت 24 جنوری تک ملتوی کی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کی طرف سے حکم امتناع ختم ہونے کے بعد اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے سے متعلق ریفرنس پرآج سماعت ہوئے۔

سماعت شروع ہوتے ہی جسٹس محمد بشیر نے سوال کیا کہ عدالتی کارروائی پر جو حکم امتناع تھا اس کا کیا بنا؟

نیب پراسیکیوٹر عمران شفیق نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں اسحاق ڈار کی مرکزی پٹیشن ہی خارج ہوگئی ہے، 28 میں سے 10 گواہوں کے بیانات ریکارڈ ہو چکے ہیں۔

جسٹس محمد بشیر نے کہا کہ آئندہ سماعت پر زیادہ سے زیادہ گواہان کو بلایا جائے ۔

واضح رہے کہ20 دسمبر کو اسحاق ڈار کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کی طرف سے حکم امتناع جاری کئے جانے کے بعد احتساب عدالت میں ریفرنس پر کارروائی روک دی گئی تھی ۔

عدالتی حکم پر 20 جنوری کو اسپیشل پراسیکیوٹر نیب عمران شفیق نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے تفصیلی فیصلے کی کاپی احتساب عدالت میں جمع کرائی جس کے بعد سماعت آج تک ملتوی کردی گئی تھی۔