پی آئی اے نجکاری کیس کی سماعت 25 جنوری تک ملتوی

January 18, 2018

قومی ایئر لائن پی آئی اے کی مجوزہ نجکاری کے خلاف درخواست پرلاہور ہائی کورٹ نے درخواست پر مزید کارروائی 25 جنوری تک ملتوی کردی۔

پی آئی اے کی مجوزہ نجکاری کے خلاف درخواست پرلاہور ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی، سماعت میں لاہور ہائی کورٹ نے نجکاری کا طریقہ کار طلب کرلیا۔

جسٹس شاہد مبین نے نبیل کاہلوں ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ مسلم لیگ ن قومی ایئر لائن من پسند افراد کو فروخت کرنا چاہتی ہے۔

درخواست گزار کا سماعت کے دوران کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی کی اپنی ایئرلائن ہے جو پی آئی اے کی مخالف ہے، وزیر اعظم نے پی آئی اے کو نجکاری کے ذریعے فروخت کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

درخواست گزار نے مزید کہا کہ خسارے کے نام پر قومی ایئر لائن کی نجکاری سے فائدہ نہیں نقصان ہوگا، پاکستان اسٹیل ملز سمیت جن اداروں کی نجکاری کی گئی وہ آج تک خسارے میں ہی ہیں۔عدالت پی آئی اے کی نجکاری روکنے کا حکم دے۔