پاکستانی ہاکی میدان آباد کرنے میں کامیاب ہوگئے،کپتان ورلڈالیون

January 22, 2018

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کا دورہ کرنے والی عالمی ہاکی الیون کے کپتان ہالینڈ کے روڈرک ویوستھوف نے کہا ہے ہم پاکستان میں ہاکی کے میدان آباد کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں، لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان سیکیورٹی کے حوالے سے محفوظ ملک ہے، کراچی اور لاہور میں ہمیں کسی قسم کا خوف محسوس نہیں ہوا، دونوں شہروں کے اسٹیڈیم میں ہم عام شہری کی طرح تماشائیوں کے ساتھ گھومتے رہے، سیلفیاں اور تصوایر بنوائیں، پاکستان کی سڑکوں پر بھی کوئی خطرہ نظر نہیں آیا، پاکستان میں ہاکی کی بحالی میں کردار ادا کرنا قابل فخر ہے۔ ہمارا زبردست استقبال کیا گیا۔ پاکستان کی ٹیم میں شامل نوجوان کھلاڑیوں کو سینئرز کے ساتھ کھیل کر تجربہ حاصل ہوا ہوگا۔ دوسرے میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شان دار کھیل پیش کیا ۔