کراچی: نادرن بائی پاس پر ٹریفک حادثہ، 5افراد جاں بحق

January 23, 2018

کراچی میں نادرن بائی پاس پر رات گئے مسافر بس اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں 5افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق منگھوپیر تھانے کی حدود مائی گاڑی نادرن بائی پاس پر رات گئے حب سے لاڑکانہ جانے والی جیو پاک مدینہ نامی مسافر بس مخالف سمت سے آنے والے مزدا ٹرک سے جا ٹکرائی اور سڑک سے نیچے اتر گئی۔

حادثے کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو ادارے ادارے کی ایمبولینسیں موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔

ایس ایچ او حاجی ثناء اللہ کے مطابق جائے حادثہ سے 3لاشوں اور متعدد زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

مسافر بس اوورلوڈ تھی اور اس کی چھت پر بھی مسافر بیٹھے ہوئے تھے جبکہ زخمی ہونے والے متعدد افراد کی حالت بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

ریسکیو اداروں کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ ہے جبکہ نادرن بائی پاس پر بس اور ٹرک کے تصادم میں زخمی ہونے والے مزید دو افراد دم توڑ گئے اور حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 5ہو گئی۔