یہودی آبادکار کے قتل کا الزام،اسرائیلی فوج نے فلسطینی کو شہید کردیا

February 06, 2018

اسرائیلی سیکیورٹی فورسز نے یہودی آبادکار کے قتل کے الزام میں فلسطینی کو فائرنگ کرکے شہید کردیا۔

عرب ٹی وی کے مطابق اسرائیلی فورسز کی بھاری نفری نے ایک مطلوب فلسطینی نوجوان احمد جرار کی گرفتاری کے لئے منگل کی صبح مغربی کنارے کے شہر جنین کا علاقہ یامون میں ایک گھر کا محاصرہ کیا، تاہم نوجوان نے گرفتاری سے بچنے کے لئے فرار ہونے کی کوشش کی جس پر اسرئیلی اہلکاروں نے فائرنگ کرکے اسے شہید کردیا۔

احمد جرار پر 9جنوری کے دن نابلس شہر میں فائرنگ کرکے 35سالہ یہودی آبادکار کو ہلاک کرنے کا الزام تھا، جس کے بعد اسرائیلی فورسز نے جرار کی تلاش میں مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں ایک ماہ تک سرچ آپریشن شروع کردیا تھا۔ جرار حماس کی عسکری وینگ القسام بریگیڈ کا کارکن بتایا جارہا ہے۔