فاروق ستار انٹرا پارٹی الیکشن کے فیصلے پر قائم

February 18, 2018

ایم کیو ایم پی آئی بی کے رہنما فاروق ستار سے ارکان سندھ اسمبلی سردار احمد اور خواجہ اظہار الحسن کے مذاکرات بھی ناکام ہو گئے۔ فاروق ستار آج اپنے گروپ کی جانب سے انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کے فیصلے پر قائم رہے۔

پی آئی بی کالونی میں اپنی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ بہادر آباد والوں کے غیر آئینی اجلاس کے فیصلے کارکن قبول نہیں کرتے۔

فاروق ستار نے کہا کہ میں یوپی والا نہیں ہوں بلکہ گجرات والا ہوں اور الطاف حسین نہیں بننا چاہتا لیکن ممنون حسین بھی نہیں بننا چاہتا۔

انہوں نے کہا کہ انٹرا پارٹی الیکشن میں کارکنوں کی رائے ہوگی تو پارٹی آئین بھی تبدیل کرسکتے ہیں، کراچی اور حیدرآباد میں انٹرا پارٹی الیکشن کے لیے ووٹنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ کراچی میں آج پی آئی بی کے ایم سی گراؤنڈ میں ووٹننگ ہوگی، کچھ لوگ بڑی ذمہ داریوں پر فائز ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ کے اضلاع کے کارکن حیدرآباد آکر ووٹ کاسٹ کریں گے۔

واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے انٹر ا پارٹی الیکشن کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ نے پہلے اجازت دیدی تھی۔

ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار گروپ نے انٹرا پارٹی الیکشن پی آئی بی کے ایم سی گراؤنڈ میں کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ سے اجازت طلب کی تھی۔

ضلعی انتظامیہ نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے تقریب رات 10 بجے تک ختم کرنے اور لائوڈ اسپیکر ایکٹ کی شرط بھی لگائی ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے 18 فروری کو انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا اعلان کر رکھا ہے۔