میری نااہلی کا فیصلہ پارلیمنٹ کیخلاف تھا،یوسف رضا گیلانی

February 18, 2018

سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ میری نااہلی کا فیصلہ پارلیمنٹ کے خلاف تھا۔

لاہور میں معروف قانون دان عاصمہ جہانگیر کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ انہوں نے خط والے معاملے پر آئین کے مطابق کام کیا، انہیں نا اہل نہیں کیا گیا بلکہ 30 سیکنڈ کی سزا دی گئی تھی، ان کی نااہلی کا فیصلہ پارلیمنٹ کے خلاف تھا۔

ان کا کہناتھاکہ سپریم کورٹ چاہتی تھی کہ وہ سوئس حکام کوخط لکھیں ، لیکن صدر فیڈریشن کی علامت اورسپریم کمانڈر ہوتے ہیں، اس لیے آئین کے مطابق کام کیا۔

سابق وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ قانون میں اگر کسی بھی قسم کا سقم ہے تو اسے پارلیمنٹ کو ہی دور کرنا ہے۔