ڈاکٹر رمیش کو انکوائری کمیٹی نے قصور وار قرار دے دیا

February 21, 2018

میرپورخاص سول اسپتال میں نرس کو ہراساں کرنے والے ڈاکٹر رمیش کو انکوائری کمیٹی نے قصور وار قرار دے دیا لیکن محکمہ صحت نے کمیٹی کی رپورٹ پر عمل کرنے کے بجائے ایک اور کمیٹی تشکیل دے دی۔

ایڈیشنل سول سرجن ڈاکٹر سعید آرائیں کی سربراہی میں بننے والی 3 رکنی تحقیقاتی کمیٹی نے ڈاکٹر رمیش کمار کو قصور وار ٹھہراتے ہوئے محکمانہ کارروائی کی سفارش کردی ہے، کمیٹی نے ڈاکٹر کی پٹائی کرنے والی نرسوں کیخلاف بھی کارروائی کی سفارش کی ہے لیکن محکمہ صحت نے انکوائری کمیٹی کی رپورٹ پر عمل درآمد کے بجائے ایک اور تین رکنی کمیٹی بنادی ہے جس نے عملے سے بیانات لیے ہیں۔

اُدھر ڈاکٹر رمیش کی حمایت میں ڈاکٹروں نے سول اسپتال میں ہڑتال کی اور دھرنا دیا، او پی ڈیز اور آپریشن تھیٹر بند ہونے سے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے، دوسری جانب نرسوں نے ایم ایس آفس کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا، نرسوں کا مطالبہ ہے کہ ڈاکٹر رمیش کو برطرف اور نرسوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

اس تمام معاملے پر پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور اب تک واقعے کا کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا، البتہ ڈاکٹر رمیش نے پولیس کو واقعے کے خلاف تحریری درخواست جمع کرادی ہے۔

دوسری جانب صوبائی وزیر صحت سکندر میندھرو کا کہنا ہے کہ اچھے برے لوگ ہر جگہ ہوتے ہیں، ہر شخص کی عزت ہوتی ہے، انکوائری کے بعد ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔