شفیلڈ میں این ایچ ایس کے مترجمین کابل 3لاکھ 41ہزار 601پونڈ

February 21, 2018

لندن (جنگ نیوز) شفیلڈ میں 2016-17کا مریضوں کو طبی ماہرین سے 72زبانوں میں بات چیت کے قابل بنانے کے لئے مترجمین کی فراہمی کا بل3لاکھ 41ہزار 601پونڈ تھا۔ یہ رقم 2012-13ء میں 2لاکھ 8ہزار 575 پونڈ کے مقابلے میں 63فیصد زائد ہے۔ یہ انکشاف فریڈم آف انفارمیشن کی ایک ریکویسٹ سے ہوا ہے سب سے زیادہ مطلوبہ زبان سلووک رہی جس کے ترجمے کی مترجمین کو 4ہزار 203بار ضرورت پڑی، عربی دوسرے اور اردو تیسرے نمبر پر رہی، مترجمین کے بل کی رقم میں اضافے کا سبب یہ ہے کہ ٹرسٹ کمیونٹی ہیلتھ سروسز کے ساتھ ہاسپٹل سروسز کا ذمہ دار بھی ہے۔ شیفیلڈ ٹیچنگ ہاسپٹل این ایچ ایس فائونڈیشن ٹرسٹ کے ترجمان نے کہا کہ اضافہ سٹی ہیلتھ باسز کی جانب سے اخراجات میں کمی کیلئے ایک سٹی سینٹر ورک ان سینٹر اور رائل ہالم شائر ہاسپٹل میں مائنر انجریز یونٹ بند کرنے کے منصوبوں کے اعلان کے بعد دیکھنے میں آیا ہے۔ ریسرچ کرنے والوں کے مطابق ہر سال انگلینڈ اور ویلز کی این ایچ ایس اتھارٹیز میں ہزاروں مترجمین پر کم از کم 23ملین پونڈ خرچ کئے جاتے ہیں۔ مترجمین ان مریضوں سے بات چیت کرتے ہیں جو انگریزی نہیں سمجھتے قومی سطح پر سب سے زیادہ مقبول زبانوں میں عرب، بنگالی، گجراتی، لتھوینین، نیپالی، پنجابی،پولش، پرتگیزی، ترک اور اردو شامل ہیں۔ مریضوں سے مترجمین کی سروس کے لئے کوئی فیس نہیں لی جاتی۔