جسٹس (ر) وجیہہ اور چیف الیکشن کمشنر میں تلخی ، چیمبر سے نکال دیا

February 22, 2018

اسلام آباد (نیوز ایجنسیز ) چیف الیکشن کمشنر سردار رضا اور جسٹس (ر)وجیہہ الدین کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد چیف الیکشن کمشنر نے جسٹس (ر) وجیہہ کو اپنے چیمبر سے نکال دیا ۔ سردار رضا نے جسٹس (ر) وجیہہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی اونچی آواز تکلیف دہ ہے جس پر جسٹس وجیہہ نے کہا کہ آپ پبلک سرونٹ ہیں آپ کو تیار رہنا چاہئے ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو الیکشن کمیشن میں عام لوگ اتحاد پارٹی کی رجسٹریشن سے متعلق سماعت ہونا تھی جو ملتوی کردی گئی۔سماعت ملتوی کرنے پر عام لوگ اتحاد پارٹی کے چیئرمین جسٹس (ر) وجیہ الدین چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کے چیمبر میں گئے جس پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ جسٹس (ر) وجیہ الدین نے چیف الیکشن کمشنر سے مکالمہ کیا کہ آپ انتظار کر لیتے ہم کراچی سے آئے ہیں اس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ کچھ زیادہ اونچا بول رہے ہیں، آپکے اونچی آواز میں بولنے سے مجھے تکلیف ہوئی۔جسٹس (ر)وجیہہ الدین نے مزید کہا کہ آپ پبلک سرونٹ ہیں، ان باتوں کیلئے تیار رہنا چاہیے، اس پر چیف الیکشن کمشنر نے وجیہہ الدین اور ان کے وکیل کو چیمبر سے باہر نکال دیا۔