چیئرمین نادرا سے جماعت اسلامی کے وفد کی ملاقات، چارٹر آف ڈیمانڈ پیش

February 23, 2018

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ایک وفد کے ہمراہ جمعرات کے روز نادرا ہیڈ آفس میں اسلام آباد سے آئے ہوئے نادرا کے چیئر مین عثمان یوسف مبین سے ملاقات کی اور کراچی کے شہریوں کوقومی شناختی کارڈز کے حصو ل میں درپیش مشکلات و پریشانیوں اور بلاجواز رکاوٹوں سے آگاہ کیا اور جماعت اسلامی کی جانب سے تیار کیا گیا چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا،جس پرچیئر مین نادرا نے جماعت اسلامی کے وفد کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کراچی میں 3نئے میگا سینٹرز کھولنے اور موجودہ میگا سینٹرز اور دیگر دفاتر میں عملے کی تعداد بڑھانے اور کارکردگی بہتر بنانے کا وعدہ کیا،ملاقات کے بعد نادرا ہیڈ آفس کے باہر حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جدوجہد سے ایک کامیابی یہ ملی ہے کہ نادرا کے نئے SOPکے تحت جن شہریوں کے پاس 13 ڈجٹ نادرا کا کارڈ موجود ہے ان کا کارڈ بغیر کسی رکاوٹ کے ری نیو ہوجائے گا ،انہوں نے مزید کہا کہ دفاتر میں عملے کی کمی اور نااہلی کے باعث کارکردگی بھی متاثر ہوئی ہے۔