کراچی:پاک بحریہ کی آپریشنل مشق رباط -2018 کا آغاز

February 24, 2018

کراچی میں پاک بحریہ کی آپریشنل مشق رباط 2018 کا آغاز ہوگیا ہے، مشق کے افتتاحی سیشن میں وائس چیف آف دی نیول اسٹاف، وائس ایڈمرل کلیم شوکت مہمان خصوصی تھے ۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق رباط 18 کے دوران کثیر الجہتی خطرات سے نمٹنے کے لیے بحری جنگی حکمت عملی کی مشقیں شامل ہیں جبکہ پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے مشترکہ آپریشنز کی مشقیں بھی مشق رباط میںشامل ہوں گی۔


اس موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف، وائس ایڈمرل کلیم شوکت کا اپنے خطاب میں کہناتھا کہ مشترکہ جنگی مشقیں جدید جنگی حکمت عملی کے مطابق دفاع وطن کی تربیت کے لئے انتہائی ضروری ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ بحری مشق رباط 2018 سی پیک سمیت کوسٹل اور کری کس ایریاز کے دفاع کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی ،جبکہ آپریشنل مشقوں کا انعقاد، پیشہ ورانہ تربیت اور ایمانی جذبہ سے دشمن کو عددی برتری کے باوجود شکست دی جا سکتی ہے۔

تر جمان پاک بحریہ کے مطابق مشق رباط کے دوران پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کی جانب سے فائر پاور کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔ یہ مشق پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے مشترکہ آپریشنز کی استعداد بڑھانے میں مفید ثابت ہوگی۔