نوابشاہ:حفاظتی ٹیکوں سے3بچےجاں بحق

March 04, 2018

نواب شاہ میں مبینہ طور پر حفاظی ٹیکے لگنے سے 3بچے دم توڑ گئے ہیں جبکہ سات کی حالت تشویشناک ہے، صوبائی وزیر صحت نے نوٹس لے لیا، خاتون ہیلتھ ورکر کی گرفتاری کے لئے پولیس کا چھاپہ، گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔

جاں بحق ہونے والے بچوں کے والدین نے الزام لگایا ہے کہ ان کے بچوں کی موت حفاظتی ٹیکے لگانے سے ہوئی ہے۔

دوسری جانب پیپلز میڈيکل اسپتال لائے گئے دیگر 7 بچوں کی بھی حالت غیر ہو گئی ہے۔

اسپتال کے ڈاکٹر مظہر کا کہنا ہے کہ بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے گئے تھے ، موت کی وجہ کیا ہے،تحقیقات کی جارہی ہیں ، اصل وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد ہی سامنے آئے گی ، واقعے کےبعد ضلع بھر میں حفاظتی ٹیکوں کی مہم ملتوی کردی گئی۔

صوبائی وزیر صحت سکندر میندھروکا کہنا ہے کہ یہ بہت افسوسناک واقعہ ہے، متاثرہ بچوںکو کراچی منتقل کررہے ہیں،جو دوائیں پلائی گئیںاس کی بھی تحقیقات ہوں گی۔

انہوںنے کہا کہ ہزاروںبچوں کی ویکسی نیشن کی جاتی ہے، کبھی کسی ڈرگ سے ری ایکشن ہوسکتا ہے، یا کسی کی غلطی بھی ہوسکتی ہے، جاں بحق بچوںسے متعلق تحقیقات ہوں گی، واضح ثبوت ملنے پر ایکشن لیا جائے گا۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ بچوںکو ٹیکے لگنے والی لیڈی ہیلتھ ورکر کا پتا لگالیا ہے، لیڈی ورکر تحسین کی گرفتاری کے لیے گھر پر چھاپا مارا گیا، گھر میں تالا لگا تھا، جس کی وجہ سے کوئی گرفتاری نہ ہوسکی۔