باب پشاورفلائی اوور 2 سال میں ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار

March 06, 2018


خیبرپختونخوا حکومت کا پانچ ماہ میں مکمل ہونے والا مثالی فلائی اوور باب پشاور دو سال میں ہی مرمت کا محتاج ہوگیا۔

متعلقہ حکام کہتے ہیں کہ پل کو کوئی خطرہ نہیں ، معمولی دراڑیں پڑ گئی تھیں، جن کی مرمت کرلی گئی ہے۔

پی ٹی آئی حکومت کا تکمیل کو پہنچنے والا واحد میگا پراجیکٹ باب پشاور فلائی اوور جو سیلفی برج کے نام سے مشہورہوا، تاہم تکمیل کے دو سال کے اندر ہی اس میں دراڑیں پڑ گئیں، جس کے باعث پل کو کچھ عرصے ہیوی ٹریفک کے لیے بند رکھا گیا۔

بھاری بھر کم پلرز کے قریب اور جوائنٹس پر سیمنٹ اور تختے لگا کر مرمت کی گئی توکہیں دراڑوں کوچھپانے کی کوشش کی گئی ہے۔

پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی حکام کے مطابق یہ دراڑیں معمولی نوعیت کی تھیں۔

سوا دو کلو میٹر طویل فلائی اوور باب پشاور پانچ ماہ میں مکمل ہواتھا جس پر ایک ارب 70لاکھ روپےکی لاگت آئی تھی۔