اپنی زمین پاکستان کیخلاف استعمال نہیں ہونے دینگے ، جواد ظریف

March 12, 2018

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہاہے کہ ایران کی سرزمین کسی صورت پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے ۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کےساتھ تعلقات پاکستان کےخلاف نہیں، یہ ایسے ہی ہے جیسے پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات ایران مخالف نہیں، ہمیں دہشت گردی و انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے تعاون کرنا ہے۔

انسٹی ٹیوٹ آف اسٹر ٹیجک اسٹڈیز میں پاک ایران سفارتی تعلقات کے 70 برس کے حوالے سے ہونے والے سیمینار میں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوادر اور چاہ بہار معاون بندرگاہ ہیںاور چاہ بہار میں پاکستان اور چین کو سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کےساتھ دوطرفہ کثیر الجہتی سطح پر بات کرنے کو تیار ہیں، سعودی عرب کو خطے سے باہر نہیں سمجھتے اور سعودی عرب بھی ایسا نہ سمجھے۔

ان کا کہنا تھا کہ شام، یمن میں تباہی نہیں جبکہ تعمیر کے لیے ایران، سعودیہ اکٹھے ہو سکتے ہیں ہمسایوں کی سلامتی، ہماری سلامتی ہے۔

دوسری جانب ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز نے کہا کہ ایران پہلا ملک تھا، جس نے پاکستان کو تسلیم کیا، پاکستان ایران کو اہمیت اور قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جبکہ دونوں ممالک کا ایک ہی مقصد مسلم اُمّہ کو متحد کرنا ہے۔

ادھر ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاک، ایران کے مابین اچھا برا وقت آیا، لیکن تعلقات خراب نہیں ہوئے، پاکستان کو نقصان پہنچانے کا سوچ بھی نہیں سکتے اور پاکستان اور ایران ہر مشکل میں ایک دوسرے کیساتھ کھڑے رہے۔