زرداری نے پی پی کی جمہوری سیاست کا بیڑہ غرق کردیا ،طلال

March 12, 2018

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ آصف زرداری نے پیپلز پارٹی کی اصولی اور جمہوری سیاست کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔

سینیٹ الیکشن میں اپوزیشن امیدوار کی کامیابی پر میڈیا سے گفتگو میں ردعمل دیتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ عام انتخابات میں عوام اپنا فیصلہ سنائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کا مقصد سسٹم کو جاری رکھنا ہے، جو ووٹ کی خرید وفروخت کرتے ہیں، انہیں 2018 میں جواب مل جائے گا، ہمیں وزارت عظمیٰ نہیں اپنے اصول کی جیت چاہیے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ ہم نے ووٹ کی بھیک نہیں مانگی، ہمیں ووٹ نہیں اصول کی جیت چاہیے، اپنے نظریے اور اصول پر کھڑے ہیں، اب ملک میں 2 ٹیمیں بن چکی ہیں ایک جمہور الیون اور دوسری جمہورا الیون، جمہورا الیون میں ڈگڈگی بجتی ہے اور خان صاحب ناچ کر دکھاتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عام انتخابات کسی ڈرائنگ روم میں بیٹھ کر نہیں ہوں گے، عام انتخابات میں فیصلہ پارٹی نمائندے نہیں بلکہ عوام کریں گے، لگتا ہے سنجرانی صاحب کا انتخاب نہیں بھرتی ہوئی ہے، پیپلز پارٹی والے اب بھٹو کی قبر پر کس منہ سے جائیں گے۔

وزیر مملکت نے پی ٹی آئی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ آج تحریک انصاف کی اصول پسندی اور سیاست خرید کر دکھائی گئی، تبدیلی کی سیاست کلیئر ہوکر سامنے آگئی، یہ سیاسی بہروپیے جو خود اسمبلی آتے نہیں، ووٹ کی طاقت سے صدر، وزیراعظم بننا چاہتے ہیں۔

طلال چوہدری نے کہا کہ آصف زرداری جلد اعلان کریں گے کہ ان کا بھٹو سے کوئی تعلق نہیں، زرداری صاحب کل تک عمران خان کے لیے ایک بیماری تھے لیکن اب وہ بیماری بنی گالا تک پہنچ چکی ہے، اصول پرستی، تبدیلی اور انقلاب لانے والے آج بے نقاب ہوگئے۔