بلوچستان کا چیئرمین سینیٹ کسی معجزے سے کم نہیں، قدوس بزنجو

March 13, 2018

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہاہے کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ چیئرمین سینیٹ کے عہدے پر کسی بلوچستانی کی کامیابی کسی معجزے سے کم نہیں لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ اس کامیابی میں قوم پرستی اور صوبے کے حقوق کا دعویٰ کرنے والےاسلام آباد میں بے نقاب ہو گئے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ صادق سنجرانی کی کامیابی نے ناصرف بلوچستان میں ان بڑے بتوں کو گرا دیا ہے جوہمیشہ سے بلوچستان کے مسائل اور یہاں کے عوام کی محرومیوں پر بلوچستان میں آکر تو مگر مچھ کے آنسوں بہاتے تھے مگر اسلام آباد کے ایوانوں میں ان کے منہ سے آواز تک نہ نکلتی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج انہیں اقتدار سے نوازنے والی پنجاب کی سیاسی جماعت کی شکست نے غم سے نڈھال کردیا ہے ،انہوں نے ناصرف مگرمچھ کے آنسو بہائے بلکہ ان اداروں پر تنقیدکرتے رہے جو استحکام پاکستان کی علامت ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ کل تک پنجاب کو مورد الزام ٹھہرانے والے آج بلوچستان کے لوگوں کوبھی اپنی بدلتی سیاست میں ڈھالنے کی کوشش کررہے ہیں ۔

عبدالقدوس بزنجو نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام ان قوم پرست جماعتوں کی اصلیت جان چکے ہیں اور آئندہ آنے والے انتخابات میں بھی باشعور عوام انہیں آئینہ دکھا دیں گے۔

انہوں نے امید ظاہر کی ہےکہ نومنتخب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی بلوچستان کے عوام کے مفادات اور حقوق کا تحفظ کرینگے ۔