صادق سنجرانی چیئرمین اور سلیم مانڈوی والا ڈپٹی چیئرمین منتخب

March 13, 2018

حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کو سینیٹ میں بڑا دھچکا لگ گیا، پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، بلوچستان اور اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ امیدوار صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ اور سلیم مانڈوی والا ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہوگئے۔

چیئرمین سینیٹ کے لئے حکمران جماعت ن لیگ اور اس کی اتحادی جماعتوں کے امیدوار راجا ظفر الحق اور اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار صادق سنجرانی کے درمیان ہوا ۔

نومنتخب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے 57ووٹ حاصل کئے اور سیاسی تجزیہ کاروں کو حیران کردیا جبکہ ن لیگی امیدوار کو ایوان سے 46ووٹ ملے۔

اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار صادق سنجرانی کی کامیابی کے اعلان سے قبل ہی ایوان میں’ ایک زرداری سب پر بھاری‘ اور ’ آئی آئی پی ٹی آئی‘ کے نعرے لگائے گئے۔کامیابی کا اعلان ہوتے ہی اپوزیشن جماعتوں کے سینیٹرز نے انہیں مبارک باد دی اور انہیں گلے لگایا، نو منتخب چیئرمین سینیٹ نے سرداریعقوب ناصر سے اپنے عہدے کا حلف لیا۔

اس کے بعد ڈپٹی چیئرمین کا معرکہ بھی اپوزیشن نے جیت لیا اور پیپلز پارٹی کے سلیم مانڈوی والا 54 ووٹ لے کر10 ووٹوں کی برتری سے کامیاب ہوگئے۔ان کے حریف حکومتی اتحاد کے امیدوار عثمان خان کاکڑ نے 44 ووٹ لیے۔

صادق سنجرانی کی بطورچیئرمین سینیٹ اورسلیم مانڈوی والا کے ڈپٹی چیئرمین منتخب ہونے پر پیپلز پارٹی کے جیا لوں نے خوب جشن منا یا، مٹھائیاں تقسیم کیں،نعرے بازی اور آتش بازی کی۔

صادق سنجرانی کامیابی کے بعد زرداری ہاؤس پہنچے جہاں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے صادق سنجرانی کو چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ صادق سنجرانی کی جیت درحقیقت وفاق پاکستان کی جیت ہے۔ ضیاء الحق کے اوپننگ بیٹسمین کو شکست جب کہ بلوچستان اور وفاق کو کامیابی ملی ہے۔

عمران خان نے بھی نو منتخب چیئرمین سینیٹ سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اورمبارک باد دی ۔

انہوں نے کہا کہ صادق سنجرانی کا انتخاب وفاقِ پاکستان کو تقویت بخشے گا۔ یہ بلوچ عوام اور وفاقِ پاکستان کےلیے خوشی کے اظہار کا دن ہے۔صادق سنجرانی نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

دوسری جانب اپنے ردعمل میں مریم نواز نے کہا کہ شطرنج کے مُہرو! تم جیتے نہیں، تمہیں بدترین شکست ہوئی ہے، ذراعوام کے سامنے تو آؤ، زرداری اور امپائر کی انگلی کا بیوپاری تیرے دربارمیں پہنچے تو سبھی ایک ہوئے، ایک اور بیان میں کہا کہ بھیڑ بکریوں کی طرح ہانکے جانے والو، قوم نے تمہارا اصلی چہرہ دیکھ لیا ہے ۔