لاہور قلندرز کےسنیل نارائن کا بولنگ ایکشن مشکوک قرار

March 16, 2018

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں ٹورنامنٹ سے باہر ہوجانے والی ٹیم لاہور قلندرز کے اسپنر سنیل نارائن کا بولنگ ایکشن مشکوک قرار دے دیا گیا۔

ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے اسپنر سنیل نارائن کے بولنگ ایکشن کو شارجہ میں لاہور اور کوئٹہ کے درمیان ہونے والے میچ کے دوران امپائر نے مشکوک قرار دیا۔

سنیل نارائن کا ایکشن مشکوک قرار دیے جانے کے بعد اب انہیں وارننگ لسٹ میں رکھ دیا گیا ہے تاہم وہ پی ایس ایل میں لاہور کے آخری میچ میں کھیلنے اور بولنگ کرنے کے اہل ہوں گے۔ لاہور قلندرز کا ٹورنامنٹ میں آخری آج میچ پشاور کے خلاف ہے۔

چونکہ پی ایس ایل میں بھی مشکوک بولنگ ایکشن کے حوالے سے آئی سی سی کے قوانین لاگو ہوتے ہیں لہٰذا اگر وارننگ لسٹ میں موجود کسی کھلاڑی کا بولنگ ایکشن دوبارہ مشکوک قرار پاتا ہے تو وہ پی ایس ایل کے بقیہ میچز میں بولنگ نہیں کرسکے گا۔


البتہ مشکوک بولنگ ایکشن کی وجہ سے بولنگ سے معطل کھلاڑی بطور بیٹسمین ٹیم میں کھیل سکتا ہے لیکن اسے بولنگ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

میچ آفیشلز کی جانب سے سنیل نارائن کے مشکوک بولنگ ایکشن کی رپورٹ اب ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کو بھیجی جائے گی اور سنیل نارائن کو مشکوک بولنگ ایکشن کے حوالے سے ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کے طے کردہ عمل سے گزرنا ہوگا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل آئی سی سی 2015 میں غیر قانونی بولنگ ایکشن کی وجہ سے سنیل نارائن کے بولنگ کرنے پر پابندی عائد کرچکی ہے۔

تاہم اپریل 2016 میں سنیل نارائن کی بولنگ کا دوبارہ ٹیسٹ لیا گیا تھا جس کے بعد انہیں آئی سی سی نے بولنگ کی اجازت دے دی تھی۔