ایسٹر پر ہرممکن بلدیاتی سہولتیں فراہم کریں گے،میئرکراچی

March 17, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی ایسٹر کے موقع پر گرجا گھروں اور دیگر مقامات کے اطراف ہرممکن بلدیاتی سہولیات فراہم کی جائیں گی جس کا مقصد مذہبی رواداری کو فروغ دینا اور بین المذاہب، اخوت و یکجہتی کی فضا قائم کرنا ہے، کراچی کے تمام علاقوں میں کسی بھی مذہب اور فرقے سے تعلق رکھنے والے شہری ہمارے لئے یکساں اہمیت رکھتے ہیں اور ہم شہر کے تمام علاقوں کو ترقی دینا چاہتے ہیں، یہ بات انہوں نے ملاقات کے لئے آئے ہوئے سٹی کونسل کے اقلیتی ارکان اور منتخب نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر سٹی کونسل کے پارلیمانی لیڈراسلم شاہ آفریدی، چیئرمین ورکس کمیٹی حسن نقوی، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر اصغر عباس شیخ اور دیگر افسران بھی موجود تھے، ملاقات کے دوران مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے سٹی کونسلرز نے میئر کراچی وسیم اختر سے درخواست کی کہ یکم اپریل کو عیسائی برادری اپنا مقدس تہوار ایسٹرمذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائے گی اور اس موقع پر گرجا گھروں میں خصوصی اجتماعات کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں بڑی تعداد میں عیسائی برادری کے ارکان شرکت کرتے ہیں، اس سال بھی کراچی میں عیسائی برادری اپنا مذہبی تہوار ایسٹر روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منائے گی لہٰذا ایسٹر سے قبل کراچی کے مختلف علاقوں میں واقع چھوٹے اور بڑے گرجا گھروں کے اطراف صفائی ستھرائی اور روشنی کے انتظامات کئے جائیں تاکہ ایسٹر کی تقریبات میں شرکت کرنے والے لوگوں کو کسی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے، میئر کراچی وسیم اختر نے انہیں یقین دلایا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی مسیحی برادری کے مقدس تہواروں کے موقع پر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے۔