محکمہ داخلہ پنجاب کا دہشتگردی عدالت کا تفصیلی فیصلہ موصول ہونے تک خادم رضوی اور افضل قادری کو گرفتارنہ کرنے کا فیصلہ

March 20, 2018

لاہور (آصف محمود ) محکمہ داخلہ پنجاب نے دہشتگردی عدالت کا تفصیلی فیصلہ موصول ہونے تک خادم حسین رضوی اور افضل قادری کو گرفتارنہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ عدالت نے تحریک لبیک کے دونوں رہنمائوں کو 4اپریل کو گرفتار کرکے عدالت پیش کرنے کا حکم دیا ہے، معتبر ذرائع نے جنگ کو بتایا کہ 5مارچ 2018ء کو انسداد دہشت گردی عدالت نے فیض آباد دھرنا کیس میں خادم حسین رضوی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے احکامات کے بعد سے اب تک اس پر عملدرآمد کیلئے اسلام آباد انتظامیہ کی طرف سے محکمہ داخلہ پنجاب کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہوا،دہشت گردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے تحریک لبیک کے دونوں رہنمائوں کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا تھا ، محکمہ داخلہ پنجاب نے ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی لاہور کی سفارش پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مارچ 2017ء میں خادم رضوی کا نام فورتھ شیڈول میں ڈالا تھا بعد ازاںوفاقی حکومت کے ساتھ مذاکرات کے نتیجے میں اسلام آباد دھرنا ختم ہونے کے بعد ان کا نام فورتھ شیڈول سے نکال دیا گیا تھا۔