کراچی جیل میں بھی پی ایس ایل

March 23, 2018

پاکستان سپر لیگ کا جنون سر چڑھ کر بول رہا ہے ، کھیل کے میدانوں کی رونقیں گلی محلوں کے علاوہ جیل کی چار دیواری کے اندر بھی پہنچ گئی ہیں، کراچی سینٹرل جیل میں پی ایس ایل کی تیاریاں ہورہی ہیں۔

تماشائی اسٹیڈیم تک نہ پہنچ سکے تو کیا ، کرکٹ کی رونقوں کو سینٹرل جیل کراچی کے اندر بھی برقرار رکھا جائے گا ،پی ایس ایل کا بخار کراچی کی بچہ جیل میں بھی سر چڑھ کر بول رہا ہے جہاں قیدی بچے پی ایس ایل فائنل کے لیے اپنی فیورٹ ٹیم کو سپورٹ کررہے ہیں اور فائنل دیکھنے کے لئے پرجوش بھی ہیں ۔

جیل حکام نے پی ایس ایل فائنل دکھانے کا بھرپور انتظام کیا ہے خواتین کی جیل ہو یا بچوں کی، سب کے لئے علیحدہ علیحدہ اسکرین ہوگی۔

سینٹرل جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل فائنل دکھانے کی فرمائش قیدیوں کی جانب سے کی گئی تھی جس پر انتظام کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر بچوں اور خواتین کی فرمائش پر موسیقی کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔