ستر سال میں جو کھویا جو پایا، سامنے ہے، شہباز شریف

March 23, 2018

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ستر سال میں جو کچھ کھویااور جو کچھ پایا، سامنے ہے، اداروں کے درمیان آج 23 مارچ 2018 ء کو ایک نیا سوشل کنٹریکٹ بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ فوج، عدلیہ ،پارلیمان اور خاص طور پر عدالت عظمیٰ کا احترام کرنے کی آج سب سے زیادہ ضرورت ہے، ملک میں اگر ہم انتشار کی فضا پیدا ہونے سے نہ روکیں تو اس سے بڑی زیادتی نہیں ہوسکتی۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے لاہور میں تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کی افتتاحی تقریب سے ویڈیو لنک خطاب کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بچوں کواس طرح کی یونیورسٹیاں نہ بنا کردیں توایک ایسا انقلاب آئےگا جسے روکنا مشکل ہوگا، اداروں کے اندر جو تناؤ ہے اسے مشاورت اور مفاہمت میں بدلنے کی اشد ضرورت ہے، ترقیاتی منصوبوں کا جال ہونے کےباوجودانتشار اور اداروں کے درمیان مفاہمت نہ ہونا ملک کے ساتھ زیادتی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملکی دفاع کے لیے افواج پاکستان کی عظیم قربانیاں ہیں، معاشرے کے ہر فرد کی جو قربانیاں ہیں وہ تاریخ میں خون کے ساتھ رقم کی گئیں، سیاستدانوں نے آج اپنے اندر ڈیڑھ انچ کی مسجدیں بنا لی ہیں، رونے دھونے سے کچھ نہیں ملتا، نہ کامیابیاں ملتی ہیں اور نہ ہی غلطیوں کا ازالہ ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خدا کے لیے پاکستان کے لیے اکٹھے ہوں، اپنی ذاتی مخالفت کو ختم کریں اور پاکستان کے مستقبل کی بات کریں، آئیں مل بیٹھیں اور ایک دوسرے کے آئینی حقوق کا احترام کریں، ایک قوم کو ایک لڑی میں پرونے اور اتحاد کی ضرورت ہے۔