عالمی تجارتی تنائو، ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں میں بھی مندی

March 23, 2018

یورپ اور امریکا کے بعد ایشیائی اسٹاک مارکیٹ میں بھی مندی کا رجحان پایا گیا۔

عالمی تجارتی تناؤ کے باعث یورپ اور امریکا کے بعد ایشیائی اسٹاک مارکیٹ میں بھی شدید مندی رہی۔ ٹوکیواسٹاک مارکیٹ میں چار فی صد کی کمی دیکھی گئی ۔ اس سے قبل ٹوکیو اسٹاک مارکیٹ نے پانچ ماہ کی کم ترین سطح کو چھو لیا تھا ۔

سیول اور ہانگ کانگ اسٹاک مارکیٹ میں بھی کاروباری سرگرمیاں متاثرہوئیں ۔گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین سے ٹیکنالوجی مصنوعات کی درآمدات پر ساٹھ بلین ڈالر ٹیرف لگانے کی یادداشت پر دستخط کئے تھے۔

جس کے بعد امریکا اور یورپ میں اسٹاک مارکیٹس بری طرح متاثر ہوئیں۔ٹرمپ انتظامیہ کا یہ اقدام چین کے امریکی ٹیکنالوجی کی انٹیلکچوئیل پراپرٹی چوری کرنے کے جرمانے کے طور پر ہے ۔

دوسری جانب، چین نے 100 سے زائد امریکی مصنوعات کی فہرست جاری کی ہے،جنہیں جوابی کارروائی کی صورت میں مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔