چیلنجز کے باوجود پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے،ابن عباس

March 24, 2018

لندن (وقار زیدی / نیوز ڈیسک) لندن میں پاکستان کے ہائی کمشنر سید ابن عباس نے کہاہے کہ چیلنجز کے باوجود پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے، انھوں نے یہ بات پاکستانی ہائی کمیشن میں پرچم کشائی کی تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہی، ہائی کمیشن میں پرچم کشائی کی تقریب میں میئرز، کونسلرز، کمیونٹی کے رہنمائوں، پاکستانی نوجوانوں، فارن اور کامن ویلتھ آفس کے عہدیداروں، پاکستان کے برطانوی دوستوں، پاکستان پیس کلیکٹو کے وفد کے ارکان، طلبہ اور میڈیا کے ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس نے پرچم کشائی کے بعد صدر پاکستان اور وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے، اس موقع پر کمیونٹی کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے یوم پاکستان کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اسے ہماری قومی تاریخ کااہم موڑ قرار دیا، انھوں نے اس موقع پر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور ان کے ساتھی رہنمائوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا، پاکستان کی موجودہ صورت حال پر روشنی ڈالتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اب پاکستان کا چہرہ تبدیل ہو رہا ہے اور پاکستان ترقی کی شاہراہ پر تیزی کے ساتھ گامزن ہے۔ حکومت کی اقتصادی اصلاحات کی بدولت معیشت میں نمو کی شرح 5.6فیصد تک پہنچ چکی ہے جو اگلے سال 6فیصد تک پہنچ جائے گی۔ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہے ہیں 62بلین ڈالر کی لاگت سے زیر تعمیر سی پیک پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگی، اس سے نہ صرف پاکستان کو فائدہ پہنچے گا بلکہ اس سے پورے خطے کی معیشت ایک دوسرے سے منسلک ہو جائے گی، ملک کی سیکورٹی میں نمایاں بہتری آئی ہے جس پر میں اپنی حکومت، سول اور آرمڈ فورسز اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں اور عوام کو دہشت گردی کے چیلنج کا استقامت کے ساتھ مقابلہ کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ پاک برطانیہ تعلقات کے بارے میں انھوں نے دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں کے تسلسل سے دونوں ملکوں کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی تعلقات کی عکاسی ہوتی ہے، تاہم برطانیہ اور پاکستان کے درمیان بہتری تعلقات کے باوجود برطانیہ نے پاکستان کو فنانشیل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لسٹ میں شامل کرنے کی تحریک کاساتھ دیا، جو کہ پاکستان کیلئے گہری تشویش کی بات ہے، انھوں نے پاکستانی نوجوانوں سے کہا کہ وہ اپنے مقامی ارکان پارلیمنٹ سے رابطے رکھیں اور ان کے سامنے اہم معاملات پر پاکستان کے نقطہ نظر کی وضاحت کریں، اس موقع پر انھوں نے لندن کی ٹیکسیوں اور ڈیجٹل بل بورڈز پر گزشتہ سال چلائی جانے والی پاکستان مخالف مہم پر یک رائے ہو جانے پر کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر انھوں نے پاکستان اور برطانیہ کی ترقی میں کمیونٹی کے کردار کی تعریف کی، انھوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری کی خلاف ورزیوں اور بھارت کی جارحانہ کارروائیوں کے چیلنج کا سامنا ہے۔ رواں سال کے ابتدائی تین ماہ کے دوران ہی بھارت کی جانب سے 400 سے زیادہ مرتبہ کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری کی خلاف ورزی کی جاچکی ہے جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں پاکستانی شہری شہید ہو رہے ہیں، انھوں نے کہا کہ بھارت کے جارحانہ طرز عمل کی وجہ سے اس پورے خطے کے امن کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں، انھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کو کشمیر سمیت تمام تنازعات مذاکرات کے ذریعے طے کرنا چاہئیں، انھوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی سطح پر حمایت جاری رکھے گا۔ اس موقع پر دردانہ انصاری اور سارہ پیٹر نے قومی نغمے پیش کئے اس موقع پر شکیل خان کا نیا نغمہ جاری کیا گیا جسے بڑی پذیرائی حاصل ہوئی۔ برمنگھم، بریڈ فورڈ، گلاسگو اور مانچسٹر میں پاکستانی قونصلیٹس میں بھی اسی طرح کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا جن میں پاکستانی کمیونٹی کے ارکان کے علاوہ بڑی تعداد میں مقامی لوگوں نے بھی شرکت کی۔