ڈاکٹر محمّد حمید اللہ

April 01, 2018

مولّفہ: ڈاکٹر زیبا افتخار

صفحات: 226 ، قیمت: 350 روپے

ناشر : جہانِ حمد پبلی کیشنز، نوشین سینٹر، اُردو بازار، کراچی

زیرِ تبصرہ کتاب کا مکمل نام ’’ڈاکٹر محمّد حمید اللہ، ایک رجحان ساز سیرت نگار‘‘ ہے۔ گرچہ یہ عالمِ اسلام کے اس بطلِ جلیل کے مکمل کوائف، علمی اوصاف اور تحقیقی کاموں کے جائزے پر مشتمل ہے، لیکن ایک لحاظ سے یہ سیرت نگاری کی مکمل تاریخ بھی ہے، کیوں کہ مولّفہ نے عربی، فارسی اور اُردو میں تحریر کی جانے والی قدیم کتب ہائے سیرت کا تعارف بھی کروایا ہے، ساتھ ہی سیرت نگاروں کی مختصر سوانح بھی بیان کردی ہے۔

جس دیدہ ریزی کے ساتھ یہ کتاب ترتیب دی گئی ہے، اس کی تعریف کے لیے الفاظ تو بہت کم ہیں۔ سیرت نگاری کا کوئی ایسا گوشہ نہیں، جو ڈاکٹر زیبا افتخار کی نگاہِ تحقیق میں نہ آیا ہو۔ انہوں نے سیرت نگاری کی ابتدا، اصول و ضوابط اور ارتقاء کے حوالے سے معلومات کا ایک ایسا ذخیرہ قاری تک پہنچایا ہے، جس کی اس سے قبل کوئی مثال نہیں ملتی۔

ڈاکٹر حمید اللہ کی شخصیت اور سیرت نگاری سے دِل چسپی رکھنے والے اصحاب اس کتاب کے مطالعے کو یقیناً سود مند پائیں گے۔ کتاب مضبوط جلد اور خُوب صُورت سرورق کے ساتھ اچھے انداز میں شایع کی گئی ہے۔