پاک بحریہ کے جہاز حنین نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول پر تعیناتی کے دوران سلطنت عمان کا دورہ کیا، عمانی بندر گاہ پہنچنے پر عمانی حکام نے جہاز کا پرتپاک استقبال کیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پی این ایس حنین نے رائل عمان نیوی کے جہاز خصب کے ساتھ بحری مشق میں حصہ لیا، مشق کا مقصد دونوں بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون بہتر بنانا اور مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کو فروغ دینا تھا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پی این ایس حنین کے کمانڈنگ افسر نے رائل نیوی آف عمان کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کمانڈنگ افسر نے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کی طرف سے عمان کے عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔