کراچی کے شہری محنت کرنے والےاور آرٹ کے دیوانے ہیں، راجا مولی

March 31, 2018

بھارت کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم ’’باہو بلی‘‘ کے ہدایت کار راجا مولی نے کہا ہے کہ میں پاکستانیوں کا بے حد مشکور ہوں کہ انہوں نے میری فلموں کو پسند کیا۔یہاں کی مہمان نوازی کے بارے میں جیسا سُنا تھا ،اس سے بھی اچھا محسوس کررہا ہوں۔ یہاں کے لوگ بہت محبت کرنے والے اور آرٹ کے دیوانے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں جنگ اور جیو نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ میں نان ویجیٹرین ہوں، کراچی کے کھانے بہت مزے کے ہیں، کراچی آنا ایسے ہی لگا، جیسے حیدر آباد سے ممبئی آگیا ہوں۔کراچی اور ممبئی میں کوئی فرق نہیں ۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اپنی نئی فلم میں اپنے پہلے ہیرو کے ساتھ دوبارہ کام کر رہا ہوں،1980سے پہلے پاکستان کی فلموں کی تعریف بہت سنی تھی، یہ بڑی بدقسمتی ہے کہ یہاں کی فلم انڈسٹری کو زوال آیا لیکن خوشی ہے کہ اب یہاں بہت سنجیدگی سے کام ہورہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلی بار پاکستان کا وزٹ کیا ہے،یہاں کے نوجوان فلم میکرز میں جنون دیکھا ہے، کامیابی کے لیےمحنت کے ساتھ سچائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ راحت فتح علی خان اور علی ظفر اچھے فن کار ہیں۔مجھے ہندی اور اردو بولنا نہیں آتی لیکن تھوری بہت سمجھ لیتا ہوں۔