سلمان خان کو جیل بھیجنے والے جج کا تبادلہ

April 07, 2018

بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کو نایاب کالے ہرنوں کا شکار کرنے کے الزام میں پانچ سال قید کی سزا سنانے والے جج دیوکمار کھتری کا تبادلہ کر دیا گیا ہے۔ان کے ساتھ سلمان خان کی درخواستِ ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرنے والے جودھ پورعدالت کے سیشن جج رویندر کمار جوشی کا بھی تبادلہ کر دیا گیا ہےاور ان کی جگہ چندرشیکھر شرما کو جودھ پور بھیجا جا رہا ہے۔

سلمان خان کو جمعرات کو کالے ہرن کے غیر قانونی شکار کے معاملے میں مجرم قرار دیتے ہوئے پانچ سال کی ‎سزا سنائی گئی تھی اور انہیں جودھ پورکی سینٹرل جیل میں رکھا گیا تھا۔انہیں فوری طور پر ضمانت نہیں مل سکی تھی اور عام تاثر یہ تھا کہ انہیں جمعے کو ضمانت مل جائے گی۔لیکن جمعے کو سلمان خان کی ضمانت کی درخواست پر سماعت مکمل نہیں ہو سکی تھی۔

قانونی ماہرین کے مطابق اگر آج بھی سلمان خان کی درخواستِ ضمانت پر فیصلہ نہ ہوسکا تو انہیں مزید دو راتیں جیل میں گزارنی پڑیں گی جہاں وہ قیدی نمبر 106کی حیثیت سے بند ہیں۔ سلمان خان کے وکیل مہیش بوڑا کے مطابق عدالت میں ضمانت پر بحث مکمل ہو چکی ہے۔ جج نے جوڈیشل مجسٹریٹ سے جمعرات کے فیصلے کا ریکارڈ طلب کیا ہے۔ ریکارڈ دیکھنے کے بعد سلمان خان کو ضمانت پر رہا کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ آج سنائیں گے۔