بھارتی کرکٹر کی بیوی عدالت پہنچ گئی

April 12, 2018

بھارتی کرکٹرمحمد شامی اور ان کی اہلیہ حسین جہاں کے درمیان تنازع عدالت پہنچ گیا ہے جہاں دونوں میاں بیوی کے درمیان تنازعے پر کیس کی سماعت ہو ئی۔

حسین جہاں اور شامی کے درمیان کچھ خاموشی کے بعد تنازعے نے پھرشدت اختیار کر لی ہے،حسین جہاں نے شامی سے10لاکھ روپے ماہانہ کا خرچہ مانگ لیا ہے۔

فاسٹ بولر کی اہلیہ نے تھانے میں شوہراور ان کے خاندان کے دیگر افراد کے خلاف تشدد سے متعلق کیس درج کرایا تھا ،یہ کیس عدالت پہنچ گیا ہے،حسین جہاں کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ محمد شامی کی سالانہ آمدنی لگ بھگ 100کروڑ روپے ہے،اس تناسب سےحسین جہان کوماہانہ 7لاکھ روپے اوران کی بچی کے اخراجات کی مد میں 3لاکھ روپےادا کئے جائیں ۔

گھریلو تشدد قانون 2005کے تحت درج کیس کی سماعت کے دوران اپیل کورٹ کے مجسٹریٹ نے محمد شامی اور دیگر ملزمان کے نام سمن جاری کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ وہ 15دن کے اندر عدالت میں پیش ہوں۔

سماعت کے بعد محمد شامی کی اہلیہ حسین جہاں کے وکیل ذاکر حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ مجسٹریٹ نے ہماری درخواست پرفاسٹ بولر اور اس کے خاندان کے دیگر افراد کو طلب کیا ہے آئندہ سماعت 4مئی کو ہوگی ۔

حسین جہاں نے اس سے قبل لال بازار پولیس اسٹیشن میں بھی شامی کے خلاف شکایت درج کرائی تھی جس کی بنیاد پر فاسٹ بولر کے خلاف کئی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج ہوئی تھی۔

مسائل میں گھرے محمد شامی ان دنوں آئی پی ایل میں مصروف ہیں،حسین جہاں نے اپنے شوہر پہ میچ فکسنگ کا بھی الزام عائد کیا تھا تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ نے شامی کیخلاف تحقیقات کے بعد انہیں کلیئر کردیا تھا۔

واضح رہے کہ حسین جہاں اپنے شوہر پر یہ بھی الزام عائد کر چکی ہیں کہ شامی نے دبئی میں ایک پاکستانی لڑکی سے ملاقات کی اور اس سے پیسے بھی لینے کا اقرار کیا تھا۔