نقیب قتل کیس، راؤانوار کی شوٹر ٹیم کا اہلکار گرفتار

April 13, 2018

نقیب محسود قتل کی کارروائی میں شامل اور سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار احمد کی شوٹر ٹیم کے رکن پولیس اہلکار کو تفتیشی ٹیم نے گزشتہ رات گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق کانسٹیبل شکیل کی موبائل فون کال ڈیٹا ریکارڈ (سی ڈی آر) میں بھی مرکزی ملزم راؤ انوار کے ساتھ موقع پر موجودگی ثابت ہوچکی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملیر کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں نقیب اللہ محسود اور دیگر تین افراد کے قتل کی واردات کو تین ماہ سے زائد وقت گزرنے کے باوجود ملزم شکیل پولیس حکام کی نظروں سے اوجھل اور ملیر میں ہی تعینات اور ڈیوٹی پر تھا۔

حساس ادارے اور سی ٹی ڈی پولیس کے اسپیشل یونٹ نے مشترکہ کارروائی کرکے ملزم کو گرفتار کیا ہے۔

ملزم اہلکار شکیل نے تفتیشی ٹیم کے سامنے اپنا ابتدائی اہم بیان ریکارڈ کرا دیا۔

واضح رہے نقیب اللہ محسود کو دیگر تین افراد کے ساتھ 13 جنوری کو شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کی حدود میں جعلی پولیس مقابلے میں قتل کردیا گیا تھا۔

واقعہ کے کچھ دن بعد مقتول کے والد نے سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار احمد اور ان کے ماتحت عملے کے خلاف بیٹے کے اغوا اور قتل کی ایف آئی آر درج کرائی تھی۔

اس مقدمے میں راؤ انوار احمد اور ان کے قریبی ساتھی ڈی ایس پی قمراحمد شیخ سمیت گیارہ پولیس ملازمین گرفتار جبکہ 13 فرار ہیں۔

ملزم شکیل کا نام مقدمے کے چالان میں شامل نہیں تاہم پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری اس مقدمے میں انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔