ملز مالکان نے چینی برآمد کیلئے وزیراعظم پر دباؤ بڑھا دیا

May 23, 2024

وافر چینی ذخائر کا فائدہ صارفین کو دینے کی بجائے شوگر ملز مالکان نے چینی برآمد کیلئے وزیراعظم شہباز شریف پر دباؤ بڑھا دیا۔

شوگر ملز مالکان کا کہنا ہے کہ برآمد کی اجازت نہ ملی تو کاشتکاروں کے 40 ارب روپے ادا نہیں کر سکیں گے، اگلے سیزن میں 40 شوگر ملز بند ہوجائیں گی۔

ملزم مالکان نے ڈراوا دیا کہ چینی برآمد نہ کرنے دی گئی تو نومبر میں کرشنگ نہیں کرسکیں گے۔

وزیراعظم بظاہر دباؤ میں آگئے۔ انہوں نے کہا کہ چینی برآمد کی اجازت سے پہلے مل مالکان یقین دہانی کروائیں کہ سارا سال ایک کلو چینی ایکس فیکٹری 140 روپے کلو میں دیں گے۔ 150روپے کلو والی چینی اگر 140 روپے بھی ہوئی تو نقل و حمل اور دیگر اخراجات کے بعد چینی 160 روپے کلو ہو جائے گی۔

وزیراعظم نے معاملہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔ مل مالکان کے مطابق 15 لاکھ ٹن چینی اضافی ہے، 5 لاکھ ٹن برآمد کی تو 26 کروڑ ڈالر زرمبادلہ ملے گا۔