گندم کیلئے مستقل برآمدی پالیسی کا اعلان کیا جائے، فلورملز مالکان

April 16, 2018

فلور ملز مالکان کا کہنا ہے کہ گندم وافر ہے مستقل برآمدی پالیسی کا اعلان کیا جائےجبکہ اس سال رمضان پیکیج میں آٹے پر سبسڈی نہ دی جائے کیونکہ کروڑوں روپے کرپشن کا خدشہ ہےاور سبسڈی براہ راست کم آمدنی والے افراد کو دیں امیروں کو دینے کا کیا فائدہ۔

فلو ملز مالکان نے گندم کی نئی فصل کو شاندار قرادیا اور فوری طور پر آٹے کی قیمتوں میں 40 روپے تھیلا کمی کا اعلان بھی کیا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن خلیق ارشد اور دیگر فلور ملز مالکان کا کہنا تھا رواں سال گندم کی پیداوار ڈھائی کروڑ ٹن کے لگ بھگ ہےجس کے بعد کسانوں کو پوری قیمت ملنی چاہئے جبکہ افغانستان کوگندم برآمد نہیں کی جارہی اس پر بھی غور کیا جائے۔

فلور ملز مالکان کا کہنا تھا کہ محکمہ خوراک کے سرکاری ذخائر کی حالت بہتر بنائی جائے تاکہ معیاری گندم عوام کو مل سکے جبکہ ملک میں نئی فلور ملوں کے قیام پر فوری پابندی لگائی جائےتاہم اس سال گندم وافر ہے اسے ذخیرہ کرنے کے لئے اسٹوریجز کی حالت بہتر بنائی جائے ورنہ گندم کا ضیاع نہیں رکے گا ۔