صحافی کالونی کی لیز کے لئے بورڈ آف ریونیو سے بات کی جائے گی،مئیر کراچی

April 20, 2018

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ صحافی کالونی ہاکس بے کی ترقی کے لیے منتخب بلدیاتی قیادت صحافی برادری کے ساتھ ہے‘ صحافی کالونی میں آبادی کے لیے انفراسٹرکچر،سڑکوں کی تعمیر،پانی اور سیوریج لائنوں کی فراہمی انتہائی ضروری ہے،لیز کے لیے بورڈ آف ریونیو سے بات کی جائے گی‘ صحافی کالونی ہاکس میں پریس کلب انیکسی کے لیے کے ایم سی مدد فراہم کرے گی،کے ایم سی سے جو بھی مدد ہوئی فراہم کی جائے گی، صحافی ہمارے معاشرے کا باعزت اور حساس طبقہ ہے ،ان کی فلاح و بہبود کا خیال رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے‘ یہ بات انہوں نے جمعرات کی صبح صحافی کالونی ہاکس بے کا دورہ کرتے ہوئے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر احمد خان ملک‘ نائب صدر سید منہاج الرب‘ جنرل سیکریٹری مقصود احمد یوسفی ‘ جوائنٹ سیکریٹری نعمت خان‘ خازن موسیٰ کلیم‘سابق سیکریٹری خورشید عباسی لیاری ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ایگزیکٹو انجینئر آغا نفیس، ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد اور سینئر صحافیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، بعدازاں میئر کراچی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 270ایکڑ رقبے پر مشتمل صحافی کالونی کے پلاٹ 22سال قبل الاٹ کیے گئے تھے، پلاٹ کی قیمت کا 20فیصد صحافیوں اور 80فیصد حکومت سندھ کو ادا کرنا ہے، ابتدائی طور پر 10کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام کرائے گئے تھے تاہم صحافیوں کو الاٹ کئے گئے ، 1283 پلاٹس پر انفراسٹرکچر اور ترقیاتی کام نہ ہونے کی وجہ سے صحافی اب تک وہاں اپنا مکان بنانے سے محروم ہیں، انفراسٹرکچر کے لیے ایک ارب 22کروڑ روپے کی PC-1بنائی گئی جس پر اب تک عملدرآمد نہیں ہوا،میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کراچی پریس کلب کا جمہوریت کی بحالی میں اہم کردار ہے۔