حکومت پنجاب نے افغان مہاجرین کی واپسی کیلئے اقدامات شر وع کر دیئے

April 20, 2018

لاہور (آصف محمود ) محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے سے افغان مہاجرین کے انخلا اور وطن واپسی کیلئے رپورٹ تیار کرنا شروع کر دی ہیں جس میں صوبے میں ان کی تعداد اور لوکیشن سمیت دیگر معلومات شامل ہیں، اس حوالے سے گزشتہ روز کمشنر افغان مہاجرین پنجاب ریاض چوہدری نے محکمہ داخلہ پنجاب کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 1لاکھ 60ہزار سے زائد افغان مہاجرین کو پروف آف رجسٹریشن (پی او آر) کارڈز جاری کئے گئے جبکہ 71ہزار افغانیوں کو نادرا کی طرف سے سٹیزن کارڈ جاری کئے جا چکے ہیں، افغان سٹیزن کارڈ ان کو جاری کئے جاتے ہیں جن کے پاس کوئی دستاویزی ثبوت نہ ہو کہ ان کا تعلق افغانستان سے ہے، انتہائی معتبر ذرائع نے جنگ کو بتایا کہ حکومت پاکستان نے افغان مہاجرین کے انخلاء کیلئے پلان اے اور بی ترتیب دیا جس کے مطابق تمام مہاجرین کو راولپنڈی میں 1مرکزی کیمپ میں اکٹھا کیا جائے گا جس کے بعد انہیں سازوسامان کے ساتھ ٹرکوں میں پشاور لے جا کر افغان حکومت کے نمائندوں کے سپرد کیا جائے گا، وفاقی کابینہ نے گزشتہ ماہ افغان مہاجرین کے انخلاء کی ڈیڈ لائن میں 30جون تک توسیع دے دی تھی، پلان اے کے تحت ان مہاجرین کو اپریل کے آخر میں وطن واپس بھجوانے کے لئے اقدامات کو حتمی شکل دینے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ پلان (بی) کے تحت انہیں 30جون تک واپس بھجوانے کے اقدامات کئے جائیں گے، اس پر فیصلے کے لئے 25اپریل کو وزارت سیفران اور وفاقی وزارت داخلہ کا اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہو رہا ہے جس میں افغان مہاجرین کی جلد اور محفوظ واپسی کے حوالے سے اقدامات اور ٹائم فریم پر غور کیا جائے گا۔