ٹرمپ نے پر اسرار پاکستانی کس کو قرار دیا؟

April 22, 2018

امریکا کی ڈیموکریٹک پارٹی نے 2016کےصدارتی انتخابات کے لئے ٹرمپ کی مشتبہ انتخابی مہم پر مقدمے کے رد عمل میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے "پرسرار پاکستانی " کا قصہ چھیڑ دیا ہے جس کے بعدسب ہی اس کی کھوج میں ہیں۔

امریکی صدر کے ٹوئٹر پیغام سے تو یہ بات واضح نہیں ہوتی کہ وہ ’’پر اسرار‘‘ پاکستانی نژاد امریکی شہری کون ہے لیکن گزشتہ سال اگست میں امریکا کی ایک فیڈرل گرانڈ جیوری نے پاکستانی نژاد جوڑے عمران اعوان اور ان کی اہلیہ حنا علوی پر امریکا کیخلاف سازش کے الزام میں فرد جرم عائد کی تھی۔

تحقیقات میں یہ انکشاف کیا گیا تھا کہ پاکستان کے شہر فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے عمران اعوان اور حنا علوی نے آئی ٹی معاونین کی حیثیت سے غیر قانونی طور پر کانگریس ارکان کی مراسلات ، ای میل اور خفیہ فائلوں تک رسائی حاصل کی۔

بلا اجازت کانگریس کے کمپیوٹرز تک رسائی اورمشکوک سرگرمیوں کے الزامات کے بعد فلوریڈا سے ڈیموکریٹک خاتون رکن کانگریس ڈیبی ویسرمین شلز کے سوا اکثر ارکان کانگریس نے عمران اعوان کی خدمات منسوخ کردی تھیں۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں ڈیموکریٹس کی جانب سے ایف بی آئی کو ڈی این سی سرور تک رسائی دینے سے انکار اور ڈیبی ویسرمین شلز کے معاملے پر بھی وضاحت مانگنے کا اشارہ دے چکے ہیں۔